سوال

یوٹیوب پر اسلامی حدود میں رہتے ہوئے کام کرکے پیسے کمانا کیسا ہے، اگر ہم حرام پراڈکٹس کی ایڈز کو ریموو کردیں؟
ہمیں تو کانٹنٹ بنانا ہوتا ہے ،اور دیکھنے والوں کو بھی کانٹینٹ ہی دیکھنا ہوتا ہے، لیکن یوٹیوب والے چونکہ دکھانے کے پیسے نہیں لیتے تو وہ ایڈز چلاتے ہیں، اور ان سے آنے والی رقم اپنے کریئٹرز کو دیتے ہیں ،اس میں وہ ہر قسم کی ایڈز چلاتے ہیں، حرام وحلال۔ اگر ہم حرام چیزوں کو رسٹرکٹ کردیں گے، تو بھی حلال چیزوں کی ایڈ بعض اوقات حرام طریقے سے دکھائی جاتی ہے، تو ایسے میں ایک یوٹبر کے لئے کیا راہنمائی ہے۔

جواب

الحمدلله وحده، والصلاة والسلام على من لا نبي بعده!

اصول یہ ہے کہ “معاملات میں اصل جواز ہے، الا کہ حرمت کی کوئی دلیل ہو”۔ لہذا اگر کوئی بھی یوٹیوبر جائز اور درست مواد بناتا ہے، اور اس پر اس کو ویوز کے بدلے میں پیسے ملتے ہیں، تو یہ پیسے لینے میں کوئی حرج نہیں۔
رہا یہ مسئلہ کہ اس پر دکھائی جانے والی ایڈز، غیر شرعی ہوتی ہیں، تو اس میں اگر تو یوٹیوبر کو اختیار ہو، اوروہ جان بوجھ کر غیر شرعی ایڈز دکھائے، تو پھر وہ اس گناہ میں شریک ہے۔ لیکن اگر ایڈز دکھانے میں اسے اختیار نہیں، بلکہ وہ ایڈز دکھانے والی کمپنی، یا پھر یوٹیوب صارف کی دلچسپی کے حساب سے آتی ہیں، تو پھر اس میں ویڈیو اپلوڈ کرنے والا یوٹیوبر ذمہ دار نہیں ہے۔
ہماری معلومات کی حد تک، یوٹیوب ویڈیوز پر جو ایڈز دکھائی جاتی ہیں، ان کا اصل دار و مدار اس شخص کی دلچسپی اور ترجیحات پر ہوتا ہے، جسے وہ نظر آرہی ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ ایک ہی ویڈیو جب مختلف لوگوں کے پاس چلائی جاتی ہے، تو اس پر مختلف موبائلز، ڈیوائسز اور علاقوں میں، مختلف ایڈز اور اشتہارات ظاہر ہو رہے ہوتے ہیں۔
ویسے اس مسئلے کا سب سے بہترین حل یہی ہے کہ یوٹیوبر کو مکمل اختیار دیا جائے، اور اس کی ویڈيو پر کسی بھی علاقے میں، کسی کے لیے بھی ایڈ یا اعلان چلانے سے پہلے، اس کو اطلاع دی جائے، کہ آپ کی ویڈیو پر یہ ایڈ چلائی جاسکتی ہے کہ نہیں؟ تاکہ اگر وہ غیر شرعی چیزیں ہوں، تو وہ شخص اپنی ویڈیو سے ایسی چیزیں ختم کرسکے۔

وآخر دعوانا أن الحمد لله رب العالمين

مفتیانِ کرام

فضیلۃ الشیخ  ابو محمد عبد الستار حماد حفظہ اللہ  (رئیس اللجنۃ)

فضیلۃ الشیخ  عبد الحلیم بلال حفظہ اللہ

فضیلۃ الشیخ جاوید اقبال سیالکوٹی حفظہ اللہ

فضیلۃ الدکتور عبد الرحمن یوسف مدنی حفظہ اللہ

فضیلۃ الشیخ  سعید مجتبی سعیدی حفظہ اللہ

فضیلۃ الشیخ ابو عدنان محمد منیر قمر حفظہ اللہ