سوال 7734

السلام علیکم و رحمۃ اللہ وبرکاتہ!
شیخ محترم! ایک سوال ہے کہ اس وقت گندم کا جو ریٹ چل رہا ہے، وہ 4600 روپے ہے۔ ایک شخص کے پاس گندم موجود ہے۔ اگر اس سے ابھی گندم خریدیں تو وہ اسی قیمت پر دیتا ہے، لیکن اگر چھ ماہ کے لیے لیں تو 6000 یا 7000 روپے میں دیتا ہے۔کیا چھ ماہ کے لیے اس طرح ریٹ بڑھانا جائز ہے یا یہ سود کے زمرے میں آتا ہے؟ براہِ کرم اس بارے میں کچھ تفصیل بیان فرما دیں۔
اللہ تعالیٰ آپ کو جزائے خیر عطا فرمائے۔

جواب

وعلیکم السلام ورحمۃ اللہ وبرکاتہ!
اگر مطلب یہ ہے کہ چھ مہینے بعد پیسے دیں گے تو اس صورت میں ریٹ زیادہ ہوگا، تو اس میں گنجائش ہے، بشرطیکہ سودا آج ہی فائنل کر لیا جائے۔
مثلاً آج ایک سودے کا ریٹ طے کر لیتے ہیں اور قیمت فائنل کر لیتے ہیں، جبکہ ادائیگی چھ مہینوں میں تھوڑی تھوڑی کرکے ہوگی۔ اس طرح ادائیگی کی مدت بھی طے ہو جائے، وزن بھی طے ہو جائے اور چیز بھی طے ہو جائے۔
پھر اگر ادائیگی میں تاخیر ہو جائے تو اس کی وجہ سے اضافی طور پر کوئی جرمانہ نہ لگایا جائے۔
یہ بیع بالتقسیط ہے، جو کہ جائز ہے۔

فضیلۃ الشیخ عبد الوکیل ناصر حفظہ اللہ