سوال 7739

السلام علیکم ورحمۃ اللہ وبرکاتہ!

علماء کرام سے سوال ہے کہ ایک شخص نے نیت کی ہے کہ اسے جہاں سے بھی پیسے ملیں گے، وہ ان میں سے پانچ فیصد اللہ کی راہ میں صدقہ کرے گا۔ اب اس نے اپنی آمدنی میں سے کچھ رقم کمیٹی میں بھی ڈالی ہوئی ہے، اور اس رقم میں سے وہ پہلے ہی پانچ فیصد صدقہ کر چکا ہے۔ اب جب اسے کمیٹی کی رقم ملے گی تو کیا اسے اس رقم میں سے دوبارہ پانچ فیصد صدقہ کرنا ہوگا، یا پہلے صدقہ کر چکنے کی وجہ سے دوبارہ صدقہ کرنا ضروری نہیں؟ براہِ کرم شرعی رہنمائی فرمائیں۔ جزاکم اللہ خیراً۔

جواب

وعلیکم السلام ورحمۃ اللہ وبرکاتہ!
اس شخص کا معاملہ اس کی نیت کے ساتھ ہے۔ اگر اس کی نیت میں کمیٹی کی رقم بھی شامل تھی، اور اس نے کمیٹی سے رقم ملنے سے پہلے ہی صدقہ کر دیا تھا، پھر دوبارہ نیت کر لی، تو یہ دیکھا جائے گا کہ اس کی نیت کیا تھی۔
اگر اس نے نیت میں یہ پیسے بھی شامل کیے تھے تو پھر ان میں سے بھی پانچ فیصد صدقہ کرنا چاہیے۔
لیکن اگر اس نے اپنے ذہن میں یہ رکھا تھا کہ ان پیسوں کا صدقہ وہ پہلے ہی کر چکا ہے اور اب اس کی مراد دوسرے پیسے ہیں، تو پھر دوسرے پیسوں کا انتظام کرے۔
لہٰذا اصل معاملہ اس کی نیت کا ہے۔

فضیلۃ الشیخ عبدالوکیل ناصر حفظہ اللہ