سوال 7735
السلام علیکم و رحمۃ اللہ وبرکاتہ
یہ بات کس حد تک ٹھیک ہے؟
کیا یہ بات درست ہے کہ قیامت کے دن میزان پر حضرت جبرائیل علیہ السلام موجود ہوں گے، اور وہی اعمال تولے جائیں گے جو وحی کے ذریعے حضرت محمد صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم پر نازل کیے گئے تھے؟
جواب
وعلیکم السلام و رحمۃ اللہ و برکاتہ!
جبریل امین علیہ السلام کا ترازو تھامنا بعض روایات میں ذکر کیا گیا ہے، لیکن اہلِ علم کہتے ہیں کہ اس بارے میں کوئی واضح نص موجود نہیں ہے۔ کچھ آثار ضرور ہیں، لیکن شاید وہ پائے ثبوت کو نہیں پہنچتے۔
اس حوالے سے بحث موجود ہے۔ شیخ ابن باز رحمہ اللہ سے بھی غالباً اس بارے میں سوال ہوا تھا تو شیخ نے فرمایا تھا کہ کوئی صاحب یا شخصیت ایسی نہیں ہے، بلکہ اللہ تعالیٰ میزان کو قائم کرے گا۔
لہٰذا جو روایت پیش کی جاتی ہے کہ جبریل امین علیہ السلام میزان کے کانٹے کو دیکھ رہے ہوں گے اور اسے تھامے ہوئے ہوں گے، اس روایت کی سند کو دیکھنے کی ضرورت ہے۔ شیخ محترم سے گزارش ہے کہ اس کی تحقیق فرما کر بیان کریں۔
جہاں تک اعمال کے وزن کا تعلق ہے کہ وہ اس اعتبار سے ہوگا کہ عمل اللہ تعالیٰ کی وحی کے مطابق ہے یا نہیں، تو یہ بات دلائل کے اعتبار سے درست ہے۔ عمومی دلائل بھی اسی کی تائید کرتے ہیں۔
آخر کوئی معیار تو ہوگا، یہ تو کوئی بات نہیں ہوئی کہ بس اعمال تول دیے جائیں۔ اس کے لیے ایک معیار ہوگا، اور وہ معیار اللہ تعالیٰ کی وحی ہے۔
ہر عقیدہ اور ہر عمل اللہ تعالیٰ کی وحی کے مطابق ہونا چاہیے، یعنی کتاب اللہ اور سنتِ رسول ﷺ کے مطابق ہونا چاہیے۔ جب عقیدہ اور عمل اس معیار کے مطابق ہوں گے تو اعمال کا وزن ہوگا، اور اسی کے نتیجے میں کامیابی ملے گی۔
فضیلۃ الشیخ عبد الوکیل ناصر حفظہ اللہ




