سوال
مارکیٹ میں خواتین کے لئے مختلف ہئیر کلر دستیاب ہیں، بعض خواتین اسی ہئیر کلر میں کوئی لوشن وغیرہ مکس کرکے مہندی نما، چیز بنا لیتی ہیں اور اسے ناخنوں پر لگاتی ہیں۔ ایک لحاظ سے یہ مہندی کی طرح رنگ پکڑتا ہے، اور دوسری طرف اس کی ناخن پالش کی طرح بالکل ہلکی اور باریک تہہ بھی محسوس ہوتی ہے،کیا اسے استعمال کیا جاسکتا ہے؟ اور کیا اس پر وضو کیا جاسکتا ہے؟کیوں کہ خدشہ یہی ہے کہ باریک تہہ کی بنا پر ناخن خشک نہ رہ گئے ہوں۔
جواب
الحمدلله وحده، والصلاة والسلام على من لا نبي بعده!
اس قسم کی چیزیں استعمال کرنے میں کوئی حرج نہیں، البتہ وضو کے حوالے سے تفصیل یہ ہے کہ اگر اس کی ناخن وغیرہ پر تہہ نہ بنتی ہو، صرف کلر/ رنگ ہو، تو یہ لگا کر وضو درست ہوگا، اسے ہٹانا ضروری نہیں، کیونکہ اسے ہٹائے بغیر بھی پانی ناخن تک سرائت کرجاتا ہے، اور یہی وضو میں مطلوب ہے۔
اور اگر کلر/ رنگ کی ناخن پر تہہ بن جاتی ہو، جیسا کہ نیل پالش کی وجہ سے ناخن پر ایک چھلکا سے بن جاتا ہے، اور اسکی بنا پر ناخن تک پانی نہیں پہنچتا تو پھر وضو سے پہلے اسے اتارنا ضروری ہے، کیونکہ وضو درست ہونے کیلئے یہ شرط ہے ،کہ وضو والے سارے اعضاءپر پانی پہنچے، اور درمیان میں کوئی رکاوٹ نہ ہو۔ اگر تھوڑی سی جگہ بھی خشک رہ جائے ، تو وضو نہیں ہوتا۔
جیسا کہ حدیثِ مبارك میں آتا ہے، عبد اللہ بن عمرو رضی اللہ عنہ بیان کرتے ہیں:
رَجَعْنَا مَعَ رَسُولِ اللهِ صَلَّى اللهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ مِنْ مَكَّةَ إِلَى الْمَدِينَةِ حَتَّى إِذَا كُنَّا بِمَاءٍ بِالطَّرِيقِ تَعَجَّلَ قَوْمٌ عِنْدَ الْعَصْرِ، فَتَوَضَّئُوا وَهُمْ عِجَالٌ فَانْتَهَيْنَا إِلَيْهِمْ وَأَعْقَابُهُمْ تَلُوحُ لَمْ يَمَسَّهَا الْمَاءُ فَقَالَ رَسُولُ اللهِ صَلَّى اللهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ: «وَيْلٌ لِلْأَعْقَابِ مِنَ النَّارِ أَسْبِغُوا الْوُضُوءَ».[مسلم:241]
ہم رسول اللہ ﷺ کے ساتھ مکہ سے مدینہ واپس آئے، راستے میں جب ہم ایک پانی (والی جگہ) پر پہنچے، تو عصر کے وقت کچھ لوگوں نے جلدی جلدی میں وضو کیا، جب ہم ان تک پہنچے تو ان کی ایڑیاں اس طر ح نظر آ رہی تھیں کہ انہیں پانی نہیں لگا تھا، رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: ’’ان ایڑیوں کے لیے آگ کا عذاب ہے، وضو اچھی طرح کیا کرو!۔‘‘
اس سے پتہ چلا وضو کے صحیح ہونے کے لئے اعضاء وضو میں سے ہر جگہ پر پانی پہنچنا ضروری ہے۔
وآخر دعوانا أن الحمد لله رب العالمين
مفتیانِ کرام
فضیلۃ الشیخ ابو محمد عبد الستار حماد حفظہ اللہ
فضیلۃ الشیخ عبد الحلیم بلال حفظہ اللہ
فضیلۃ الشیخ جاوید اقبال سیالکوٹی حفظہ اللہ
فضیلۃ الدکتور عبد الرحمن یوسف مدنی حفظہ اللہ
فضیلۃ الشیخ سعید مجتبی سعیدی حفظہ اللہ
فضیلۃ الشیخ ابو عدنان محمد منیر قمر حفظہ اللہ
فضیلۃ الشیخ حافظ عبد الرؤف سندھو حفظہ اللہ
فضیلۃ الشیخ ابو محمد إدریس اثری حفظہ اللہ