سوال
آج کل دنیا بھر میں بڑی کمپنیوں کو اپنے استعمال کئے ہوئے پانی کو ری سائیکل کرنا پڑتا ہے، جس کی ترتیب یہ ہے کہ واٹر پلانٹ سے مستعمل پانی کو گزارا جاتا ہے، جس کی وجہ سے وہ مستعمل پانی بالکل صاف ہوجاتا ہے، یعنی اس کا رنگ,بو,ذائقہ بلکل پہلے کی طرح ہوجاتا ہے۔کیا یہ طریقہ درست ہے ؟اور اگر یہ طریقہ اختیار کرلیا جائے تو پھر صاف شدہ پانی کا کیا حکم ہے، کہ وہ ماءِ مطلق کے حکم میں آئے گا یا ماء مستعمل کے؟ آپ کی عین نوازش ہوگی۔
ضیاء الرحمن، ڈی ایچ اے لاہور
جواب
الحمدلله لله وحده، والصلاة والسلام على من لا نبي بعده !
- اصل یہ ہے کہ پانی پاک ہوتا ہے ،لیکن نجاست کے گرنے سے اگر تین اوصاف (ذائقہ، بو، رنگت ) میں سے کوئی وصف بدل جائے ،تو وہ پانی نجس ہو جاتا ہے ،اسے استعمال میں نہیں لایا جا سکتا ہے۔
پانی میں نجاست گرنے سے اس میں جو تبدیلی آتی ہے،اس کے ازالے کی مختلف صورتیں ہیں:
- پانی دیر تک پڑا رہے اور جو تبدیلی اس میں آئی تھی وہ خود بخود ختم ہو جائے۔ جیسا کہ دھوپ کی حرارت یا ہوائیں چلنے کی وجہ سے نجاست کے اثرات ختم ہو جاتے ہیں ۔
- یا اس پانی کے اندر اور پانی ملا دیا جائے، اور وہ اتنی کثیر مقدار میں ہوجائے کہ اس میں واقع تبدیلی ختم ہو جائے۔
- اسی طرح ایک طبعی طریقہ یہ بھی ہے کہ جو پانی زیر زمین چلا جاتا ہے، زمین اس کی نجاست کو جذب کر لیتی ہے اور پانی کو نیچے بھیج دیتی ہے ۔یہ پانی پاک ہے اور جس علت کی بنا پر اسے نجس کہا گیا تھا وہ علت ختم ہو چکی ہے اور جب علت ختم ہو چکی ہے تو نجاست کا حکم بھی اس سے ختم ہو جائے گا ۔
ازالہ نجاست کے یہ تمام طریقے طبعی ہیں۔
- بعض دفعہ پانی کو مصنوعی طریقہ سے پاک صاف کیا جاتا ہے، جیسا کہ سوال میں مذکور ہے، اگر اس فلٹرنگ سے بھی نجاست کے اثرات ختم ہوجائیں، اس کے اوصاف معدوم ہوجائیں، تو پھر یہ پانی بھی طاہر ومطہر ہے، اسے پینے، غسل کرنے، طہارت حاصل کرنے جیسی ضروریات کے لیے استعمال کیا جاسکتا ہے ۔ ہاں اگر طبیعت اس کے استعمال پر مطمئن نہ ہو، یا پھر ایسا پانی مضرِ صحت ہو، تو اسے استعمال نہیں کرنا چاہیے، لیکن یہ اس وجہ سے نہیں کہ پانی نجس ہے، بلکہ اس وجہ سے کہ یہ طبیعت پر گراں گزرتا ہے، یا پھر اس کے استعمال سے بیماریاں جنم لینے کا خطر ہ ہے۔
وآخر دعوانا أن الحمد لله رب العالمين
مفتیانِ کرام
فضیلۃ الشیخ ابو محمد عبد الستار حماد حفظہ اللہ (رئیس اللجنۃ)
فضیلۃ الشیخ عبد الحلیم بلال حفظہ اللہ
فضیلۃ الشیخ جاوید اقبال سیالکوٹی حفظہ اللہ