سوال (1677)
سیدنا جابر رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ علیہ اپنی نماز میں تشہد کے بعد یہ الفاظ کہتے تھے ۔
“أَحْسَنُ الْكَلَامِ كَلَامُ اللَّهِ وَأَحْسَنُ الْهَدْيِ هَدَى مُحَمَّدٍ”
«سب سے بہترین کلام اللہ کا کلام ہے اور سب سے اچھا طریقہ محمد صلی اللہ علیہ وسلم کا طریقہ ہے»
کیا تشھد میں یہ کلمات پڑھے جا سکتے ہیں ؟
جواب
میرے خیال میں “نماز کا لفظ” ترجمہ کرنے والے نے بڑھا دیا ہے ، اس کی وجہ یہ ہے کہ لوگوں میں مشہور ہے کہ تشھد نماز میں ہوتا ہے ، جبکہ حدیث میں صرف لفظ”تشھد” ہے۔ اس کا معنی ہے کہ جب نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کوئی بات کرتے تو خطبۃ الحاجۃ پڑھا کرتے تھے ، یہ الفاظ خطبہ حاجہ میں ہیں ، یہ خلط مبحث ہوگیا ہے ، کہ لفظ “تشھد” دیکھ کر اردو میں بیان کرنے والے نے نماز کا تذکرہ بڑھا دیا ہے ۔ میرے خیال میں “تشھد” بمعنی “تكلم بالخطبة الحاجة” ہے ۔
فضیلۃ الشیخ عبد الوکیل ناصر حفظہ اللہ