سوال

اگر کوئی بندہ بنک میں نوکری کرتا ہو، اور آپ کو کھانے کی دعوت دے ،تو کیا اس کے گھر سے کھانا جائز ہے؟

جواب

الحمد لله وحده، والصلاة والسلام على من لا نبي بعده!

دعوت قبول کرنا، ایک مسلمان کے بنیادی حقوق میں سے ہے۔[صحيح مسلم: 2162] لیکن دعوت دینے والے کے بارے میں دیکھ لیا جائے، وہ کاروبار کس قسم کا کرتا ہے ہے۔کیونکہ ہم بحیثیت مسلمان حلال رزق کمانے اور کھانے کے پابند ہیں۔[صحيح مسلم: 1015]    لہذا حرام  کمانے والوں کی دعوت قبول نہ کی جائے۔

لیکن اگر کوئی ایسا آدمی دعوت کرے، جس کے ذرائع آمدن، حلال و حرام دونوں قسم کے ہوں، تو اس کی دعوت قبول کرنے میں کوئی حرج نہیں۔بلکہ اس سے یہ بھی نہیں پوچھنا چاہیے کہ جو تم نے دعوت کی ہے یہ حلال کمائی سے کی ہے یا حرام سے۔کھانا جائز سمجھتے ہوئے کھائیں، اور اس کے لیے ہدایت کی دعا بھی کریں۔رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے ایک یہودی عورت کی دعوت، جو اس نے خیبر کے موقع پر کی تھی، قبول فرمائی۔اور اس کے گھر میں تشریف لے گئے اور کھانا تناول فرمایا۔اگرچہ اس کھانے میں اس یہودی عورت نے زہر ملا دیا۔وہ لوگ سود خور بھی تھے لیکن اس کے ساتھ ساتھ ان کا ذریعہ آمدنی باغبانی بھی تھا۔  [شرح السنة للبغوي:8/14]

اس لیے آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے ان کی دعوت قبول فرمائی۔حالانکہ قرآنِ کریم میں ان کے بارے میں آتا ہے: ( اَكّٰلُوْنَ لِلسُّحْتِ) کہ وہ یہودی حرام بھی کھاتے تھے۔( سورۃ المائدہ: 42)

واضح رہے کہ جو شخص  بینک میں کام کرتا ہے، اس ملازمت کے علاوہ اس کا کوئی اور حلال ذریعہ آمدن بھی نہیں ہے، اور وہ اپنی اسی کمائی سے دعوت  کرتا ہے، تو اس میں شرکت کرنا اور دعوت کا کھانا جائز نہیں ہے۔ لاعلمی میں جو دعوت کھا لی ہے، اس پر استغفار کرنا چاہیے، اور آئندہ ایسے دوستوں اور رشتہ داروں کی دعوت سے مناسب انداز میں معذرت کرلی جائے۔اور اگر کسی بینک ملازم کا بینک کی آمدنی کے علاوہ کوئی اور جائز و حلال آمدنی کا ذریعہ بھی ہو، تو پھر جائز ہے۔  یاپھر کسی گھر میں ایک سے زیادہ لوگ کمانے والے ہیں، کچھ حلال، کچھ حرام، تو ایسے گھر سے ملی ہوئی دعوت بھی قبول کی جاسکتی ہے۔

وآخر دعوانا أن الحمد لله رب العالمين

مفتیانِ کرام

فضیلۃ الشیخ  ابو محمد عبد الستار حماد حفظہ اللہ

فضیلۃ الشیخ  عبد الحلیم بلال حفظہ اللہ

فضیلۃ الشیخ جاوید اقبال سیالکوٹی حفظہ اللہ

فضیلۃ الدکتور عبد الرحمن یوسف مدنی حفظہ اللہ

فضیلۃ الشیخ  سعید مجتبی سعیدی حفظہ اللہ

فضیلۃ الشیخ ابو عدنان محمد منیر قمر حفظہ اللہ

فضیلۃ الشیخ حافظ عبد الرؤف  سندھو  حفظہ اللہ

فضیلۃ الشیخ ابو محمد إدریس اثری حفظہ اللہ