سوال (5172)
اہل بیت میں کون شامل ہیں؟ کیا اہل بیت ابو بکر و عمر رضی اللہ عنھما سے افضل ہیں؟ اہل السنہ کا کیا عقیدہ ہے؟
جواب
انبیاء کرام علیہم السلام کے بعد اولاد آدم میں سب سے افضل ابوبکر صدیق پھر عمر فاروق رضی اللہ عنھما ہیں، یہ اہل سنت والجماعت کا عقیدہ ہے۔
فضیلۃ العالم فہد انصاری حفظہ اللہ
اہل بیت میں سب سے پہلے تمام ازواج مطہرات رضی الله عنھمن،رسول اکرم صلی الله علیہ وسلم کی بیٹیاں،سیدنا علی رضی الله عنہ،سیدنا حسن ابن علی رضی الله عنہ،سیدنا حسین ابن علی رضی الله عنہ وغیرہ شامل ہیں۔
اہل بیت کی شان وعظمت اپنی ایک الگ حیثیت ومقام رکھتی ہے
اور سیدنا ابو بکر وعمر رضی الله عنھما کی شان وعظمت الگ حیثیت ومقام رکھتی ہے جسے جتنا مقام رب العالمین نے دیا بس اس پر ایمان لانا فرض ہے۔
سیدنا علی المرتضی رضی الله عنہ سے مختلف روایات میں موجود ہے کہ وہ خود سے سیدنا ابو بکر وعمر رضی الله عنھما کو افضل وبہتر مانتے اور اسے بیان کرتے تھے۔
بلکہ جو سیدنا ابو بکر وعمر رضی الله سے انہیں بہتر وافضل سمجھتا اسے سزا دینے کا اعلان فرماتے تھے.
مثلا: سیدنا علی المرتضی رضی الله عنہ نے ایک موقع پر فرمایا:
ﺃﻻ: ﻭﻻ ﻳﺒﻠﻐﻨﻲ ﻋﻦ ﺃﺣﺪ ﻳﻔﻀﻠﻨﻲ ﻋﻠﻴﻬﻤﺎ ﺇﻻ ﺟﻠﺪﺗﻪ ﺣﺪ اﻟﻤﻔﺘﺮﻱ.
خبردار جس شخص کے بارے میں مجھے خبر پہنچے کہ وہ مجھے ان دونوں (سیدنا ابو بکر وعمر) سے زیادہ فضیلت والا سمجھتا ہے تو میں اس پر افتراء کی حد لگاؤں گا(حد قذف لگاؤں گا جو 80 کوڑے ہے)
الكفاية للخطيب:ص:376 سنده صحيح
سیدنا علی المرتضی رضی الله عنہ کے نزدیک سیدنا ابو بکر وعمر رضی الله عنہ کا مقام اور دشمنان ابو بکر وعمر سے اعلان براءت بھی ملاحظہ فرمائیں:
ﻭاﻟﺬﻱ ﻓﻠﻖ اﻟﺤﺒﺔ، ﻭﺑﺮﺃ اﻟﻨﺴﻤﺔ، ﻻ ﻳﺤﺒﻬﻤﺎ ﺇﻻ ﻣﺆﻣﻦ ﻓﺎﺿﻞ، ﻭﻻ ﻳﺒﻐﻀﻬﻤﺎ ﻭﻳﺨﺎﻟﻔﻬﻤﺎ ﺇﻻ ﺷﻘﻲ ﻣﺎﺭﻕ، ﻓﺤﺒﻬﻤﺎ ﻗﺮﺑﺔ، ﻭﺑﻐﻀﻬﻤﺎ ﻣﺮﻭﻕ، ﻣﺎ ﺑﺎﻝ ﺃﻗﻮاﻡ ﻳﺬﻛﺮﻭﻥ ﺃﺧﻮﻱ ﺭﺳﻮﻝ اﻟﻠﻪ ﺻﻠﻰ اﻟﻠﻪ ﻋﻠﻴﻪ ﻭﺳﻠﻢ، ﻭﻭﺯﻳﺮﻳﻪ، ﻭﺻﺎﺣﺒﻴﻪ ﻭﺳﻴﺪﻱ ﻗﺮﻳﺶ، ﻭﺃﺑﻮﻱ اﻟﻤﺴﻠﻤﻴﻦ؟ ﻓﺄﻧﺎ ﺑﺮﻱء ﻣﻤﻦ ﻳﺬﻛﺮﻫﻤﺎ، ﻭﻋﻠﻴﻪ ﻣﻌﺎﻗب، حلية الأولياء لأبي نعيم:7/ 201،أسد الغابة لابن أثير:4/ 156 سنده حسن لذاته
سیدنا علی المرتضی رضی الله عنہ فرماتے ہیں اس ذات کی قسم جس نے دانے اور گٹھلی کو پھاڑا اور روح کو پیدا کیا ان دونوں سے صرف وہی محبت کرے گا جو فاضل مومن ہو گا اور ان دونوں سے صرف وہی بغض رکھے گا اور مخالفت کرے گا جو بدبخت اور مارق (یعنی جو اسلام سے خارج) ہو گا کیونکہ ان دونوں سے محبت کرنا قرب الہی کا ذریعہ ہے اور ان دونوں سے بغض رکھنا دین اسلام سے خارج ہونے کی علامت ہے۔
ان لوگوں کو کیا ہو گیا ہے جو رسول الله صلى الله عليه وسلم کے دو بھائیوں،دو وزیروں،دو ساتھیوں،دو سرداروں،اور مسلمانوں کے دو باپوں کو نازیبا الفاظ سے یاد کرتے ہیں ( سن لو) میں ایسے (بدبخت وگستاخ) لوگوں سے بری اور لا تعلق ہوں جو ان دونوں کو برے الفاظ سے یاد کرتے ہیں میں اس پر انہیں ضرور سزا دوں گا۔
تو جب اہل بیت کی اتنی عظیم شخصیت سیدنا ابو بکر وعمر رضی الله عنھما کو اپنے سے افضل مانتے تھے اور ان کے مقام وعظمت کو بیان کرتے تھے تو پھر سیدنا علی المرتضی رضی الله عنہ اور مخصوص اہل بیت سے محبت کا دعویٰ رکھنے والے بھی سیدنا علی المرتضی رضی الله عنہ کے نقشے قدم پر چلیں مگر یہاں تو معاملہ کچھ اور ہی ہے اور وہ یہ کہ سیدنا علی المرتضی رضی الله عنہ شیخین سے عداوت وبغض رکھنے والوں سے عداوت وبغض رکھتے تھے اور ان سے سر عام اعلان براءت فرماتے تھے اس لئے اہل بیت سے محبت کا دعویٰ کرنے والے دیکھیں کہیں انہی سے تو سیدنا علی المرتضی رضی الله عنہ اعلان براءت تو نہیں کر چکے ہیں۔
ہم صحابہ کرام رضوان الله تعالی علیھم اجمعین اور اہل بیت سے یکساں محبت کرتے ہیں اور ہر ایک کو اس کا وہ مقام دیتے ہیں جو انہیں رب العالمین نے دیا ہوا ہے یہی راہ اعتدال ہے اور یہی ہمارے سلف صالحین سے ہمیں ملتا ہے۔والله أعلم بالصواب
فضیلۃ العالم ابو انس طیبی حفظہ اللہ
ابوداؤد کی حدیث:
انما بنوالمطلب وبنو ھاشم شیئ واحد”
سے اہل علم کے راجح قول کے مطابق بنو المطلب اور بنو ھاشم سب اھل بیت میں شامل ہیں، حافظ ابن حجر رحمہ اللہ نے اسی قول کو راجح قرار دیا ہے۔
اس لحاظ سے نبی صلی اللہ علیہ وسلم کی تمام اولاد، آل علی، آل عقیل، آل جعفر سب اھل البیت ہیں۔ اور ازواج مطہرات رضوان اللہ علیھن تو قرآن کے مطابق اھل البیت ہیں۔واللہ اعلم
فضیلۃ العالم فہد انصاری حفظہ اللہ