اے آئی: ایک پھرتیلا بچہ
جس فیلڈ اور میدان میں آپ کو لگتا ہے کہ اے آئی 100 فیصد درست نتائج دیتا ہے، بہت قوی امکان ہے کہ اس میں آپ کی معلومات انتہائی سطحی ہیں۔ یہ تلخ حقیقت ہے لیکن ضروری ہے کہ ہم اسے سمجھیں۔
ابھی تک کوئی اے آئی ٹول ایسا نہیں بنا کہ جس سے کروایا گیا کام اس فیلڈ کے ماہر کے اوسط کام سے بھی بہتر ہو۔ ہاں، یہ بات ضرور ہے کہ ہم بعض اے آئی ٹولز کے نتائج سے بہت حیران ہوتے ہیں، لیکن یہ ایسے ہی ہے جیسے بچہ جب پہلی دفعہ بات کرتا ہے تو ہم بہت خوش ہوتے ہیں۔ یا ایک ایسا آدمی جس سے ہمیں کچھ کرنے کی توقع نہ ہو، وہ کوئی بھی کام کر دے تو ہمارے لیے حیرت کا باعث بن جاتا ہے۔
اس کا مطلب یہ نہیں ہوتا کہ اس نے بہت اعلیٰ اور معیاری کام کر دیا، بلکہ اس کا مطلب یہ ہوتا ہے کہ اس سے توقع نہیں تھی کہ یہ اتنا اچھا کام کرے گا۔
عموماً اے آئی ٹولز بھی ابھی بچے ہیں جن کی کلکاریوں سے ہم بہت محظوظ ہوتے ہیں۔ یہ بچوں کی طرح افرا تفری تو مچا دیتے ہیں، لیکن سمجھداروں کی طرح سلیقہ اور ہنرمندی کا وہ لیول نہیں ہے جو کسی بھی اوسط انسان میں ہوتا ہے۔
یاد رکھیں، اس میں اے آئی ٹولز کی افادیت کا انکار نہیں ہے، بلکہ ان ٹولز کو استعمال کرنے والوں کے لیے رہنمائی ہے کہ وہ ان ٹولز کو اپنا قائد اور رہنما سمجھ کر نہیں، بلکہ انہیں اپنا مددگار اور معاون سمجھ کر احتیاط اور دانش مندی سے استعمال کریں۔
اے آئی کو اناڑی اور بچہ قرار دینے سے اگر آپ کے ذہن میں اس کی افادیت کے حوالے سے شکوک و شبہات آئے ہیں تو درج ذیل مثال کو سمجھیے۔
ایک بوڑھا کاریگر جو اپنی نشست پر بیٹھا ہوتا ہے، اس کے لیے بار بار اٹھ کر جانا اور مطلوبہ چیز لے کر آنا ایک مشقت والا عمل ہوتا ہے۔ لیکن جوں ہی اسے کوئی پھرتیلا ہیلپر اور بھاگ دوڑ کرنے والا مددگار میسر آ جائے تو وہ گھنٹوں کے کام منٹوں میں مکمل کر لیتا ہے۔
یہی اے آئی کی اصل حیثیت ہے، یعنی ایک قابل اعتماد مددگار ہے جو آپ کی ذہانت اور تجربے کے سہارے سے آپ کے لیے محنت و مشقت کرتا ہے۔
اس تحریر کی ہی مثال لے لیجیے کہ اس کو راقم نے اپنے ایک عزیز بچے “کلاؤڈ” کی مدد سے لکھا ہے۔ خیالات، مضمون اور اسلوب و تعبیرات راقم کی اپنی ہیں، لیکن الفاظ کی ترتیب، جملوں کی درستی، اور پیرائے کی خوبصورتی میں کلاؤڈ بیٹے نے اپنا کردار ادا کیا ہے، جسے میں نے معمولی حک و اضافہ کے ساتھ آپ کی خدمت میں پیش کر دیا ہے۔
“اے ائی فار سکالرز” پلیٹ فارم کو جوائن کیجیے.
یہ بھی پڑھیں:اے آئی سے استفادہ: حدود، فوائد اور ذاتی تجربات!




