اے آئی سے بات کرنے کی اہمیت
اے آئی سے جو ہم بات کرتے ہیں یعنی اسے جو حکم یا گزارش رکھتے ہیں اسے ’پرامپٹ’ کہا جاتا ہے۔
پرامپٹ کی اہمیت کو اس طرح بھی سمجھا جا سکتا ہے، فرض کریں آپ ایک ماہر خطاط ہیں۔ لوگ آپ کے پاس آ کر اپنی ضروریات بتاتے ہیں، آپ اس کے مطابق ان کو خطاطی تیار کرکے دے دیتے ہیں۔
لوگ جب آپ کو آکر اپنی ضرورت اور مطالبہ بتاتے ہیں، کیا ان کے الفاظ، تعبیرات اور اصطلاحات سے آپ تہہ/طے نہیں کر لیتے کہ یہ کس درجے کا آدمی ہے اور اس کو کس طرح کی چیز بنا کر دینا ہو گی؟
بعض لوگوں کی گفتگو سے ظاہر ہو جاتا ہے کہ ان کو اس چیز کی کوئی سوجھ بوجھ نہیں، لہذا آپ اپنی طرف سے جو مرضی خط (فانٹ) سٹائل، ورق، کلر وغیرہ استعمال کر لیتے ہیں، جبکہ بعض آپ کو ہر چیز تفصیل کے ساتھ بتاتے ہیں، اور آپ کو ان کی گفتگو سے اندازہ ہو جاتا ہے کہ مجھے اس کو بڑی مہارت اور معیار کے ساتھ کام کرکے دینا ہو گا، ورنہ ان کو پسند نہیں آئے گا۔
یہی حال ڈیزائنرز کا ہے جن سے لوگ جلسے، دروس، کورسز کے اشتہارات، کتابوں کے ٹائٹلز اور سرورق بنواتے ہیں۔
انہیں مثالوں سے ہم نے اے آئی ٹول کو بھی سمجھنا ہے، آپ کے پاس اے آئی ٹول کو سمجھانے/ متاثر کرنے کا واحد ذریعہ آپ کا دیا ہوا پرامپٹ ہے، جتنا بہتر، پروفیشنل اور مؤثر پرامپٹ ہو گا، اے آئی کا رزلٹ اور نتیجہ بھی اتنا ہی اچھا ہو گا۔
اسی طرح اس بات کی بھی اہمیت ہو گی کہ آپ کوئی چیز مفت بنوا رہے ہیں یا اس کے لیے پیڈ ٹول استعمال کر رہے ہیں۔
اگر آپ ان باریکیوں پر غور کریں گے تو آپ کو سمجھ آئے گی اے آئی کے آتے ہی ’پرامپٹ انجینئرنگ’ کی فیلڈ اور کورسز کیوں منظر عام پر آنا شروع ہو گئے تھے!
آپ پرامپٹ انجینئرنگ کو سمجھئیے، اے آئی اور آپ کے تعلقات میں بھاگم دوڑ کی بجائے ٹھہراؤ آئے گا، ذہن استعمال ہونا شروع ہو جائے گا، اور جو اے آئی پراڈکٹس نکلیں گی وہ مفید اور کار آمد ہوں گی۔
#خیال_خاطر
مزید تفصیلات کے لیے ’اے آئی فار اسکالرز’ پلیٹ فارم کو جوائن کریں۔
مزید یہ بھی پڑھیں:عالم دین ہیں اور سوشل میڈیا پر کام کرنا چاہتے ہیں؟




