سوال (5171)

میں حافظ ہوں، میں نے حفظ کیا ہے، پر منزل یاد نہیں جب بھی یاد کرنے بیٹھتا ہوں شیطان حاوی ہو جاتا ہے، کوئی حل بتائیں بہت زیادہ پریشان ہوں؟

جواب

کثرت سے استغفار کریں اور نماز میں کوئی سستی ہو رہی ہے تو نماز کی پابندی کریں۔
اور روزانہ ایک وقت رکھ لیں اور معمول بنالیں جتنا پارہ آسانی سے روزانہ یاد کر سکتے ہوں ضرور یاد کریں جب تک اتنا پارہ یاد نہ کر لیں اپنے اوپر موبائل کے استعمال کی پابندی لگا لیں۔
کہ اتنا پارہ یاد کرنے تلک موبائل کو ہاتھ نہیں لگاؤں گا اور جب یاد ہو جائے تو موبائل پکڑیں ورنہ نہ پکڑیں، امید ہے ان شاءاللہ شیطان بھاگ جائے گا، اپنی قوت ارادی مضبوط کریں۔

فضیلۃ العالم ڈاکٹر ثناء اللہ فاروقی حفظہ اللہ

شیطانی وسوسوں سے کیا مراد ہے، اس کی وضاحت ہونی چاہیے، عمومی طور پر یہ ہے کہ باوضوء رہیں، صبح و شام کے اذکار مکمل کریں، خاص طور پر

“رب اعوذبك من همزات الشياطين اعوذبك رب ان يحضرون”

یہ پڑھیں،

“اعوذ باللہ من الشیطٰن الرجیم”

آخری تین قل کے ساتھ رقیہ کریں، یہ تمام چیزیں لازم کر لیں، ان شاءاللہ فائدہ ہوگا۔

فضیلۃ الشیخ عبد الوکیل ناصر حفظہ اللہ

چلتے پھرتے اور نماز میں پڑھنے کی عادت بنائیں۔ فرائض، سنن اور نوافل میں ایک ترتیب سے پڑھیں۔ جو یاد کرتے جائیں اسے ممکن ہو تو روزانہ پڑھیں ورنہ ایک ترتیب بنا لیں اس ترتیب سے نمازوں میں اور چلتے پھرتے، ڈرائیو کرتے، سفر کرتے اور فارغ بیٹھے پڑھنے کی عادت بنا لیں، اس میں مزہ اور برکت بھی بہت ہے اور منزل کی پختگی بھی ناگزیر ہے ان شاء اللہ۔

فضیلۃ العالم ڈاکٹر حافظ عبد الرحمن حفظہ اللہ