سوال (5305)

دعائے استفتاح “اللهم باعد بینی، سبحانك اللهم و بحمدك” کیا دونوں اکھٹی پڑھ سکتے ہیں یا ایک پڑھنی چاہیے۔ رکوع اور سجود میں بھی ایک سے زائد دعائیں پڑھ سکتے ہیں؟

جواب

دعائے استفتاح تو نبی صلی اللہ علیہ وسلم کی احادیث کے مطابق کوئی سی ایک پڑھی جائے، مرویات سے یہی سمجھ آتا ہے، ایک نماز میں ایک سے زائد دعائے استفتاح پڑھنا نبی صلی اللہ علیہ وسلم سے ثابت نہیں۔ واللہ اعلم۔
البتہ سجدہ کو چونکہ محل دعاء قرار دیا گیا ہے تو اس میں مختلف دعائیں پڑھ سکتے ہیں۔واللہ اعلم

فضیلۃ العالم فہد انصاری حفظہ اللہ

سائل: شیخ محترم رکوع میں بھی ایک سے زائد دعائیں پڑھ سکتے ہیں؟
جواب: مسنون تسبیحات ایک سے زائد پڑھ سکتے ہیں جیسے سبحان ربی العظیم، سبوح قدوس رب الملائکة والروح۔۔۔ سبحان ذی الجبروت۔۔۔ الخ کیونکہ نبی صلی اللہ علیہ وسلم کا مطلق حکم بھی ہے کہ “اما الرکوع فعظموا فیه الرب”۔۔۔ یہ سب تعظیم کے کلمات ہیں البتہ رکوع میں دعاء قلیل ہے جیسے سبحانک اللهم ربنا وبحمدک اللهم اغفرلی۔۔۔
دعاؤں پر ذیادہ زور سجدوں میں دیا گیا ہے۔واللہ اعلم

فضیلۃ العالم فہد انصاری حفظہ اللہ

سبحانك اللهم وبحمدك۔۔۔
یہ دعا مرفوعا ثابت نہیں البتہ موقوفا صحیح ہے، اس لیے مسنون ادعیہ میں سے کوئی ایک پڑھیں گے کیونکہ دعا استفتاح ایک سے زائد پڑھنا سنت سے ثابت نہیں، ایسے ہی رکوع میں ایک سے زائد دعائیں پڑھنا سنت سے ثابت نہیں ہے، رہی بات سجدہ کی تو سجدہ میں کثرت سے دعا کرنے کی ترغیب دی گئ ہے لہذا کر سکتے ہیں۔ مگر یہ یاد رہے کہ یہ کثرت دعا کا اہتمام انفرادی نماز میں ہو با جماعت نماز میں بیماروں،کمزوروں وغیرہ کا خیال رکھنے کی تعلیم دی گئ ہے جیسا کہ مختلف احادیث صحیحہ اس پر موجود ہیں۔والله أعلم بالصواب

فضیلۃ العالم ابو انس طیبی حفظہ اللہ