امام بخاری رح کی سیرت پر تین بہترین کتب!
__________________
شیخ سعد الغامدی حفظہ اللہ نے امام بخاری رحمہ اللہ کی حیات پر لکھی ہوئی تین اہم کتابوں کا مختصر تعارف لکھا ہےـ جس کا اردو ترجمہ فائدے کے لیے حاضر ہے۔
آپ لکھتے ہیں:
“امام بخاریؒ کے ملک میں سیروسیاحت کے دوران ان کے مقامات اور آثار پر کھڑے ہو کر میں نے ان کی سیرت تفصیل سے پڑھنے کا عزم کیا تھا۔ چنانچہ واپسی پر میں نے اپنی ذاتی لائبریری سے یہ تین کتابیں منتخب کیں اور بحمد اللہ ان کا مطالعہ مکمل کیا اور ان سے بعض فوائد بھی نوٹ کیے۔
پہلی کتاب:
فضیلت مآب شیخ ڈاکٹر خلدون الأحدب حفظہ اللہ کی کتاب “الإمام البخاري وجامعه الصحيح”۔
یہ ایک نفیس کتاب ہے۔ جو دو اہم حصوں پر مشتمل ہے: امام بخاریؒ کی سیرت اور ان کے “الجامع الصحیح” کا منہج۔ ہر حصے میں علمی تحقیق اور بہت سے قیمتی فوائد موجود ہیں۔
یہ کتاب 470 صفحات پر مشتمل ہے اور میرے پاس جو نسخہ ہے وہ دارالأمۃ سے 1433ھ/2012ء کی پہلی طباعت ہے۔ بعد میں اس کی مزید طباعتیں بھی ہو چکی ہیں۔
دوسری کتاب:
شیخ علامہ عبدالسلام مبارکپوریؒ کی کتاب “الإمام البخاري سيد الفقهاء والمحدثين”۔
یہ کتاب اصل میں اردو زبان میں ہے اور اسے عربی میں شیخ ڈاکٹر عبدالعلیم بستویؒ نے ترجمہ کیا ہے۔ میں نے اس کتاب کو دو مرتبہ پڑھا ہے۔ یہ کتاب امام بخاریؒ کی سیرت، ان کی تصنیفات، اساتذہ، اور تلامذہ کو جامع انداز میں بیان کرتی ہے اور اسلوب بھی نہایت ادبی اور دلکش ہے۔
ڈاکٹر عبدالعلیم نے ترجمہ کرتے ہوئے اصل ادبی اسلوب کو خوبصورتی سے باقی رکھا ہے۔ وہ ایک ہندوستانی عالم تھے۔ عربی، اردو اور فارسی زبانوں میں ماہر تھے اور حدیث اور علومِ حدیث کے متخصص تھے۔ میں نے تقریباً دس سال ان کی صحبت میں گزارے اور ان کو قریب سے جانا۔ وہ ایک علمی شخصیت تھے۔ جن کا علم دائرۃ المعارف جیسا وسیع تھا۔ ان کا ترجمہ منفرد ہے اور ان کے حواشی فوائد سے بھرپور ہیں۔
یہ کتاب دو جلدوں میں 884 صفحات پر مشتمل ہے اور اسے دار عالم الفوائد نے 1422ھ میں شائع کیا ہے۔
تیسری کتاب:
استاذ احمد الأقطش حفظہ اللہ کی کتاب “قصة حياة البخاري، سيرة تاريخية جديدة”۔
یہ کتاب امام بخاریؒ کی سیرت کو سال بہ سال ترتیب سے بیان کرتی ہے۔ ان کی پیدائش سے لے کر وفات تک۔ ان کے اسفار، ان کی منزلیں، ہر جگہ کا قیام، وہاں ملاقاتیں اور ان کے زمانے کی ترتیب کے ساتھ یہ سب کچھ اس طرح بیان کیا گیا ہے۔ کہ قاری کو یوں محسوس ہوتا ہے گویا وہ امام بخاریؒ کے ساتھ روزانہ کی بنیاد پر واقعات کا مشاہدہ کر رہا ہے۔
کتاب میں تحقیقی نکات، علمی فوائد، تصحیحات اور تقابلی جائزے بھی شامل ہیں۔
یہ کتاب 536 صفحات پر مشتمل ہے اور اسے مرکز إحسان للدراسات النبوية نے 1446ھ/2024ء میں شائع کیا ہے۔
ان تینوں کتابوں میں ہر ایک کا انداز اور پہلو دوسرے سے مختلف ہے اور ہر کتاب کی اپنی ایک انفرادیت اور خصوصیت ہے۔
اللہ تعالیٰ امام بخاریؒ پر رحم فرمائے۔ ان سے راضی ہو اور اسلام اور مسلمانوں کی طرف سے ان کو بہترین جزا عطا فرمائے۔