اور بھارت ہار گیا

مجھے بھارت کی چیخوں میں وہ سُر، لَے اور تان سنائی دی ہے کہ آج تک کسی مترنم آواز کی سماعت میں بھی اتنا سکون اور طرب کبھی محسوس نہیں ہوا۔ محمد رفیع سے لے کر آشا بھوسلے تک، جگجیت سنگھ سے لے کر کمار سانو تک، مجھے کسی کی آواز میں وہ طمانیت کبھی محسوس نہ ہوئی جو شکست کے بعد جنرل اوپیندر دویدی کے لہجے میں دَر آئی ہے۔بھارتی فضائیہ کے سربراہ ایئر چیف مارشل اے پی سنگھ کی شکست خوردہ آواز کلیجے میں ٹھنڈ پیدا کر رہی ہے اور بھارتی میڈیا کہ چیخ پکار نے اہلِ پاکستان کے سینوں میں وہ قرار پیدا کر دیا جس کے سننے کی تمنا برسوں سے ہمارے دلوں میں تھی۔
وہ بھارت جو جنگی جنون میں آپے سے باہر ہوا جا رہا تھا، اس کا ہمہ قسم کا میڈیا گلے پھاڑ پھاڑ کر پاکستان کو مطعون کیے جا رہا تھا، محض پانچ گھنٹوں کی چھترول نے اس کی آواز اور اس کے لب و لہجے سے ساری رعونت سینت کر آہ و بکا پیدا ڈالی تھی۔ پاک فوج کی جامع اور مربوط حکمت عملی نے گھٹنے ٹیک دیے اور ایسی ہزیمت اٹھائی کہ آیندہ صدیوں تک ہندوؤں کی دادی اور نانی اماں انھیں پاک فوج کی شجاعت اور شہامت کی داستانیں سنا کر ڈرایا کریں گی ان شا ء اللہ۔
اُس ایمان کے وجدان میں ایک عجیب ہی شان ہوتی ہے جو میدان میں لڑنے والے، فضاؤں سے دشمن۔ پر حملے کرنے والے فوجی جوانوں کی زبان سے ادا ہوتا ہے۔ کلمہ اور نعرہء تکبیر صرف زبان پر ہی نہیں ہوتا بلکہ کردار وعمل کی پہچان اور برہان بن چکا ہوتا ہے۔
پاکستان نے بھارتی رعونت کے بوتھے پر طمانچے جڑتے ہوئے ادھم پور، آدم پور اور شیر کوٹ ائیر بیسز سمیت ائیر فیلڈ کو تباہ کر ڈالا۔ بھارتی کئی ملٹری چیک پوسٹوں کو نیست و نابود کر کے رکھ دیا۔ یہی نہیں ہمارے فوجی جوانوں نے بھارتی ریاست مہاراشٹرا کی الیکٹرک کمپنی پر سائبر حملہ کر کے بجلی کا نظام مکمل طور پر جام کرکے رکھ دیا۔ بھارتی ملٹری سیٹیلائٹ کو بھی بالکل مفلوج اور مفلوک کر کے رکھ دیا۔ مجھے سب سے زیادہ لطف تب آیا جب بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کی ریاست گجرات میں پاکستانی ڈرونز کئی گھنٹوں تک پرواز کرتے رہے۔ پاکستان نے بھارت کی بٹھنڈا اور سرسہ ائیر فیلڈز بھی تباہ کر دیں۔ بھارت کو سب سے بڑا فالج کا جھٹکا تب لگا جب بھارت کے فضائی دفاعی نظام ایس 400 کو تباہ کر کے دیا گیا۔ہماری فضائیہ کے جے ایف 17 تھنڈر طیاروں نے اپنے ہائپر سونک میزائل سے ایس 400 کا ائیر ڈیفنس سسٹم مکمل طور پر نابود کر کے رکھ دیا۔ جنرل عاصم منیر نے جو کہا تھا وہ کر کے دکھا دیا۔
سب جانتے ہیں کہ ایس 400 روس کا تیار کردہ فضائی دفاعی نظام تھا جسے بھارت نے 2018 ء میں خریدا تھا، اس لیے اس جنگ میں صرف بھارت کو شکست نہیں ہوئی بلکہ روس کو بھی بدترین ہزیمت اٹھانی پڑی۔ بھارتی عوام کو ایس 400 فضائی دفاعی نظام پر بہت زیادہ ناز تھا کہ ہمارے پاس ایسا فضائی دفاعی نظام موجود ہے جو پاکستان سے آنے والے میزائلوں کو روکنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ مگر چند لمحوں میں یہ سارا نظام جلا کر راکھ کے ڈھیر میں بدل دیا گیا۔ بہت کم لوگ جاتے ہیں کہ ایس 400 ایک ہی وقت میں 300 ٹارگٹ کو ٹریس کرنے کی صلاحیت رکھتا تھا اور ایک ہی حملے میں 36 ٹارگٹ کو تباہ کر سکتا تھا۔ مگر پاک شاہینوں نے وہ سارا سسٹم اتنی جلد تباہ کر ڈالا کہ بھارت کی آنکھیں پھٹی رہ گئیں۔ ایس 400 ائیر کرافٹ، کروز میزائل، بیلسٹک میزائل اور ان ڈرونز کو نشانہ بنا سکتا ہے، یہ دفاعی نظام 4.8 کلو میٹر فی سیکنڈ کی رفتار سے دوڑنے والے کسی بھی قسم کے میزائل کو تباہ کر سکتا ہے۔ مودی جو موذی بن چکا ہے اس کی رنگت اس سارے سسٹم کی تباہی پر یرقان زدہ ہو چکی ہے۔
بھارتی ڈرونز کی تباہی دراصل اسرائیل کی شکست بھی ہے اور مجھے کہنے دیجیے کہ رافیل کی تباہی پورے یورپ کی شکست ہے۔ گویا پاکستان نے محض پانچ گھنٹوں میں بھارت، اسرائیل، روس اور یورپ کو شکست سے دو چار کر کے ان کے لیے ایسے سوالات چھوڑ دیے ہیں کہ وہ برسوں تک نہ صرف ان کے جوابات سوچتے رہیں گے بلکہ اشک فشانی بھی کرتے رہیں، پاک فوج پر صبح سے شام تک تنقید کرنے والوں کی زبانیں اب بند ہو جانی چاہییں۔ شکریہ پاک فوج۔ شکریہ حافظ عاصم منیر۔

( انگارے۔۔۔حیات عبداللہ )

یہ بھی پڑھیں: حافظ محمد سعید کو رہا کیا جائے!