سوال (30)

اگر کسی شخص کو پسند ہو کہ اس کی بیوی سنگھار کرے اور بالوں کو کلر کرے، یعنی بال سنہری(گولڈن) کرے تو کیا جائز ہے؟

جواب:

اس میں دو باتیں ہیں ۔
1۔ زیب و زینت اختیار کرنے میں وسعت ہے.. لہذا اگر کوئی عورت زیب و زینت کا کوئی بھي طریقہ اختیار کرتی ہے، تو اس میں کوئی حرج نہیں الا یہ کہ اس میں شریعت کی مخالفت ہو، یا وہ کافروں یا فساق کا شعار ہو یا پھر اس میں طبی طور پر کوئی نقصان ہو، تو اس قسم کا فیشن اس اضافی علت کے سبب منع ہوگا، جن میں یہ محذورات/محظورات نہ پائے جائیں، اس میں کوئی حرج نہیں۔
شریعت نے بڑھاپا چھپانے کے لیے بال سیاہ کرنے سے منع کیا ہے، لیکن دیگر رنگوں کے استعمال کی ممانعت نہیں۔ لہذا عورت کے لیے بالخصوص شوہر کی خواہش پر کوئی بھی جائز کام کرنا مستحسن عمل ہے۔
2۔ مرد اور عورت کو ایک دوسرے سے مطالبے کرتے ہوئے جواز اور عدم جواز کے ساتھ ساتھ اپنے علاقے کے عرف کا بھی خیال رکھنا چاہیے۔ اور اس بات پر بھي غور کرنا چاہیے کہ ان کے دل میں اگر کوئی خاص قسم کی خواہش پیدا ہوتی ہے، تو اس کی وجہ کیا ہے؟ مطلب ایک مرد کو اگر یہ خواہش ہے کہ وہ اپنی بیوی کو سنہری بالوں سے دیکھے، یا عورت کی خواہش ہے کہ وہ اپنے مرد کو کسی خاص ہییئت اور لباس میں دیکھے، تو ان خواہشات کے مصدر پر غور کرنا انتہائی زیادہ ضروری ہے۔ بعض دفعہ مرد و عورت انٹرنیٹ، میڈيا وغیرہ ذرائع سے عجیب و غریب قسم کی خواہشات دل میں بٹھا لیتے ہیں، جو ان کے عرف اور گھر بار کے ماحول سے بالکل مطابقت نہیں رکھتیں!

فضیلۃ العالم حافظ خضر حیات حفظہ اللہ