سوال (4640)
انسان مرد جنت میں جائے گا اسے حوریں ملیں گی اور عورت جنت میں جائے گی تو اس کو جنت میں کیا ملے گا؟
جواب
اللہ تعالیٰ نے جنت کے انعامات مرد و عورت، دونوں کے لیے برابر رکھے ہیں۔ قرآن مجید میں فرمایا:
“جو کوئی نیک عمل کرے، مرد ہو یا عورت، بشرطیکہ وہ مؤمن ہو، تو وہ جنت میں داخل ہوں گے اور ان پر ذرّہ برابر بھی ظلم نہ کیا جائے گا۔”[النساء: 124]
لہذا جنت عورت کے لیے بھی اُتنی ہی عظیم اور مکمل نعمتوں کا مقام ہے جتنی مرد کے لیے ہے، البتہ اس کی جنس کے تقاضوں اور فطری رجحانات کے مطابق جو چاہے گی وہ ملے گا:
“اور جنت میں ہر وہ چیز ہوگی جس کی جانیں خواہش کریں گی اور آنکھیں جس سے لذت پائیں گی۔” [الزخرف: 71]
لہٰذا جو چیز عورت کی خواہش ہو گی، اللہ تعالیٰ اسے ضرور عطا فرمائےگااگر وہ دنیا میں نیک شوہر کے ساتھ تھی، اور دونوں جنتی ہیں، تو وہ جنت میں بھی شوہر کی بیوی رہے گی مگر بغیر دنیاوی مشاکل، جلن، تھکن اور محدودیت کے:
تم اور تمہاری بیویاں جنت میں داخل ہو جاؤ، تم خوش رکھے جاؤ گے۔” [الزخرف: 70]
اگر عورت دنیا میں غیر شادی شدہ رہی یا اس کا شوہر جنتی نہ ہوا، تو اللہ تعالیٰ اسے جنت میں ایسا مرد عطا فرمائے گا جو اس کی رضا اور خواہش کے مطابق ہو گا۔ جنت میں کوئی ادھورا نہیں رہے گا.
فضیلۃ الشیخ فیض الابرار شاہ حفظہ اللہ