سوال        6949

السلام علیکم و رحمۃ اللہ وبرکاتہ! شیخ محترم
بچوں کو حفاظتی ٹیکے لگوانا کیسا ہے؟ رہنمائی فرمائیں۔

جواب

وعلیکم السلام و رحمۃ اللہ وبرکاتہ!
دیکھیں، پولیو کی ویکسین، کرونا کی ویکسین اور بچوں کو پیدائش کے بعد لگنے والے ٹیکوں کے بارے میں بظاہر کوئی حرج نظر نہیں آتا۔ معاشرے میں بعض باتیں بلا تحقیق اڑا دی جاتی ہیں اور لوگ سنی سنائی باتوں کو آگے بڑھا دیتے ہیں۔
اگر کسی کے پاس اس بارے میں کوئی دو ٹوک اور مستند تحقیق ہے تو وہ لوگوں کے سامنے پیش کرے، فتویٰ لا کر دے، باقاعدہ احتجاج کرے یا اس کے خلاف مقدمہ دائر کرے۔ لیکن عملاً ایسا نہیں ہے، زیادہ تر باتیں محض سنی سنائی ہوتی ہیں۔
اب تک کی تحقیق میں کوئی ایسی واضح بات سامنے نہیں آئی جس کی بنیاد پر ان ویکسینز کو ناجائز قرار دیا جا سکے۔ لہٰذا بلا وجہ اس مسئلے کو بڑھانا اور لوگوں کو غلط رہنمائی دینا درست نہیں۔
البتہ جس شخص کا دل مطمئن نہیں ہے وہ خاموشی سے اسے چھوڑ دے، یہ اس کا ذاتی معاملہ ہے۔ لیکن جو لوگ یہ ویکسین لگوانا چاہتے ہیں، ان کے بارے میں میں نہیں سمجھتا کہ اس میں کوئی برائی یا پریشانی کی بات ہے۔ ہم نے کئی بچوں کو یہ ٹیکے لگتے ہوئے بھی دیکھا ہے اور لگاتے ہوئے بھی دیکھا ہے، اور کوئی پریشانی سامنے نہیں آئی۔

فضیلۃ الشیخ عبد الوکیل ناصر حفظہ اللہ