سوال (2691)
کیا بیوی اپنے شوہر کو نام کے ساتھ بلا سکتی ہے؟
جواب
اس میں کوئی حرج کی بات نہیں ہے، بیوی اپنے شوہر کو نام کے ساتھ بلا سکتی ہے، منع کی کوئی بھی دلیل نہیں ہے، بلکہ خود رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے لیے امی عائشہ صدیقہ رضی اللہ عنھا محمد کا نام استعمال کیا کرتی تھیں،
سیدہ عائشہ رضی اللہ عنھا فرماتی ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے مجھ سے فرمایا:
“إِنِّي لَأَعْلَمُ إِذَا كُنْتِ عَنِّي رَاضِيَةً وَإِذَا كُنْتِ عَلَيَّ غَضْبَى، قَالَتْ: فَقُلْتُ: مِنْ أَيْنَ تَعْرِفُ ذَلِكَ ؟ فَقَالَ: أَمَّا إِذَا كُنْتِ عَنِّي رَاضِيَةً، فَإِنَّكِ تَقُولِينَ: لَا وَرَبِّ مُحَمَّدٍ، وَإِذَا كُنْتِ عَلَيَّ غَضْبَى، قُلْتِ: لَا وَرَبِّ إِبْرَاهِيمَ، قَالَتْ: قُلْتُ: أَجَلْ، وَاللَّهِ يَا رَسُولَ اللَّهِ مَا أَهْجُرُ إِلَّا اسْمَكَ”
[صحيح البخاري : 5228]
«میں خوب پہچانتا ہوں کہ کب تم مجھ سے خوش ہوتی ہو اور کب تم مجھ پر ناراض ہوجاتی ہو۔ بیان کیا کہ اس پر میں نے عرض کیا آپ یہ بات کس طرح سمجھتے ہیں؟ آپ ﷺ نے فرمایا کہ جب تم مجھ سے خوش ہوتی ہو تو کہتی ہو نہیں محمد ( ﷺ ) کے رب کی قسم! اور جب تم مجھ سے ناراض ہوتی ہو تو کہتی ہو نہیں ابراہیم (علیہ السلام) کے رب کی قسم! بیان کیا کہ میں نے عرض کیا جی ہاں، اللہ کی قسم یا رسول اللہ! (غصے میں) صرف آپ کا نام زبان سے نہیں لیتی»
اس سے معلوم ہوا کہ بیوی اپنے شوہر کا نام لے سکتی ہے، جب نام لے سکتی ہے تو نام سے پکار بھی سکتی ہے، اس میں کوئی حرج کی بات نہیں ہے۔
فضیلۃ الشیخ انصر محمود حفظہ اللہ