سوال

گوگل پر ایک ایپلیکیشن ہے (COOP)۔ جس میں کم سے کم 56ڈالر انویسٹ کرنے پڑتے ہیں۔ روزانہ کی بنیاد پر 10 ٹاسک ملتے ہیں آپ کو جن سے 3سے 4ڈالر آمدن ہوتی ہے ۔اور اگر کسی دوست کو آئی ڈی بنا کر دیں، اور اس میں اپنا ریفرینس نمبر ایڈ کر دیں تو پرافٹ زیادہ ہو جائے گا ۔ جتنے بندوں کو ایڈ کروانا اتنا زیادہ پرافٹ ۔ اور اس کے ساتھ 56 ڈالر سے جتنے زیادہ ڈالر انویسٹ کریں گے اتنا زیادہ پرافٹ ہو گا۔ جیسے 56 ڈالر پہ 3ڈالر ملتے ہیں 100سے اوپر کروائیں گے تو 6 ڈالر سے زیادہ پرافٹ بنے گا۔
جو پیسے انویسٹ کرنے ہیں، وہ کمپنی یعنی ایپلیکیشن میں جو اکاؤنٹ بنتا ہے وہ آپ کے اکاؤنٹ میں موجود ہی رہتے ہیں۔ کمپنی کہتی ہے ہم آپ کے پیسوں سے خرید و فروخت کرتے ہیں۔ اس میں سے جتنے پیسے آپ کے ہوتے ہیں، اس حساب سے پرافٹ آپ کو دے دیا جاتا ہے۔ جتنے زیادہ پیسے ہوں گے، اتنا زیادہ پرافٹ۔
اور ہمارے کرنے کا کام یہ ہے کہ 24گھنٹے میں ایک بار ایپلیکیشن کھول کر، بس ’ٹریڈ‘ کے آپشن پہ جا کر، دس بار کلک کرنا ہے۔
زیادہ پرافٹ ،زیادہ پیسے اکاؤنٹ میں رکھنے سے ملتا ہے۔ یا زیادہ بندوں کو اپنے ریفرنس سے پیسے جمع کروانے پر۔
برائے مہر بانی وضاحت فرما دیں کہ کیا یہ کام جائز ہے یا نہیں؟جزاکم اللہ خیرا

جواب

الحمدلله وحده، والصلاة والسلام على من لا نبي بعده!

اس قسم کی ایپس اور کمپنیاں آج کل عام ہیں۔ ان میں کئی ایک قباحتیں موجود ہوتی ہیں، مثلا:
1. اس میں ظاہر یہ کیا جاتا ہے کہ ہم آپکے پیسوں سے کاروبار کرکے، اس کا منافع آپ کو دیتے ہیں۔ حالانکہ کاروبار میں اصول یہ ہے کہ انسان نفع اور نقصان ہر دو چیزوں میں شریک ہوتا ہے۔ جبکہ اس میں صرف نفع کی ہی بات کی جاتی ہے۔ نقصان کی کوئی صورت نہیں ہوتی۔ یہ الگ بات ہے کہ بعض لوگ پیسے اکٹھے کرکے، لے کر اچانک غائب اور فرار ہوجاتے ہیں۔
2. یہ کاروبار سے آمدن نہیں، بلکہ پیسے کے بدلے میں پیسے دیے جاتے ہیں۔ اور پھر جتنے زیادہ پیسے آپ جمع کرواتے ہیں، اسی قدر آپ کا پرافٹ بڑھ جاتا ہے۔ یہ واضح طور پر سود ہے۔
3. لوگوں کو اپنے ریفرنس سے ایڈ کروانا، اور اس وجہ سے، آپ کی آمدنی میں اضافہ، یہ بھی درست نہیں۔ یہ کام در حقیقت ’نیٹ ورک مارکیٹنگ‘ کی ہی ایک قسم ہے۔ جسے ’ملٹی لیول مارکیٹنگ‘ بھی کہا جاتا ہے۔ اس طرح کے کاموں میں جوے، سود، مالی استحصال ، دھوکہ دہی وغیرہ کئی ایک قباحتیں موجود ہوتی ہیں۔ ( تفصیل کے لیے فتوی نمبر: 322 اور 328ملاحظہ کیے جاسکتے ہیں)

وآخر دعوانا أن الحمد لله رب العالمين

مفتیانِ کرام

فضیلۃ الشیخ ابو محمد عبد الستار حماد حفظہ اللہ

فضیلۃ الشیخ عبد الحلیم بلال حفظہ اللہ

فضیلۃ الشیخ جاوید اقبال سیالکوٹی حفظہ اللہ

فضیلۃ الدکتور عبد الرحمن یوسف مدنی حفظہ اللہ

فضیلۃ الشیخ سعید مجتبیٰ سعیدی حفظہ اللہ

فضیلۃ الشیخ ابو عدنان محمد منیر قمر حفظہ اللہ

فضیلۃ الشیخ محمد إدریس اثری حفظہ اللہ