سوال (5136)
کاسمیٹکس میں حرام جانوروں سے حاصل کردہ مختلف اجزاء کا براہ راست استعمال اور ان کی تحلیل کے بعد استعمال وغیرہ اس حوالے سے کوئی مستند کتاب یا فتاویٰ جات موجود ہیں تو فوری ضرورت ہے؟ رہنمائی فرمائیں اللہ تعالٰی آپ سب کو ہمیشہ اپنی حفاظت میں خوش و خرم رکھے۔ آمین
جواب
کاسمیٹکس یا دیگر اشیاء اگر حرام جانور یا ناپاک مادے سے تیار کی گئی ہوں، تو وہ شریعت کی رُو سے ناجائز اور ناپاک سمجھی جاتی ہیں، اور ان کا استعمال بھی جائز نہیں۔ البتہ اگر ان اشیاء کو “استحالہ” (یعنی ایسی کیمیائی تبدیلی جس سے چیز کی اصل ماہیت مکمل طور پر بدل جائے) کے عمل سے گزارا جائے، اور وہ ناپاک چیز پاک شکل میں بدل جائے، تو بعض فقہاء کے نزدیک پھر اس کا استعمال جائز ہو سکتا ہے۔
استحالہ کے مباحث فقہ اسلامی میں تفصیل سے آئیں ہیں، اور مختلف مکاتب فکر کی اس پر مختلف آراء بھی ہیں۔ فی الحال اس پر اردو میں کوئی مکمل کتاب تو معروف نہیں، لیکن آپ اس بارے میں نیٹ پر تحقیقی مواد اور مقالات ضرور تلاش کر سکتے ہیں۔
فضیلۃ الشیخ عبد الوکیل ناصر حفظہ اللہ