سوال (1970)
کریڈٹ کارڈ میں قرض لینے کی سہولت ہوتی ہے، لیکن اس میں اگر آپ قرض کی ادائیگی میں تاخیر کریں تو وہ اس پر جرمانہ ڈال دیتے ہیں، جیسا کہ بجلی کے بل وغیرہ کی ادائیگی میں تاخیر پر جرمانہ ہوتا ہے، تو کیا سود شمار ہوگا؟
جواب
کریڈٹ کارڈ کے حوالے سے اہلِ علم کا واضح موقف ہے کہ اس کا استعمال درست نہیں، جس کی ایک وجہ یہی ہے کہ اس میں قرض لینے کی سہولت تو ہے، لیکن ادائیگی میں تاخیر پر جرمانے کے نام پر سود وصول کیا جاتا ہے۔
بجلی بل یا دیگر بلز کی ادائیگی پر جرمانے کی نوعیت مختلف ہے کہ آپ کو کسی ذمہ داری یا خدمت کے عوض ادائیگی کی تاخیر پر جرمانہ کیا جاتا ہے۔ اگرچہ عموما اہل علم اس کو بھی درست نہیں سمجھتے، جیسا کہ قسطوں کی تاخیر وغیرہ پر جرمانہ بھی سود ہے۔ لیکن یہ کریڈٹ کارڈ والا جرمانہ تو سیدھا سیدھا پیسے دے کر اس پر اضافی پیسے لیے جا رہے ہیں.. جو بلاشبہ سود ہے، اس کو دیگر بلز کے ساتھ ملا کر گنجائش نکالنا غلط فہمی اور خلط مبحث ہے۔
فضیلۃ العالم حافظ خضر حیات حفظہ اللہ