سوال (237)

“کسی کو کرسمس کی مبارکباد دینے سے یا کسی کرسمس کی رسم میں شریک ہونے سے آپ مشرک ، مرتد اور کافر نہیں بن جاتے ، اگر آپ مسلمان رہنا چاہتے ہیں تو آپ کل بھی مسلمان ہی ہونگے” شیخ صاحب یہ وضاحت فرمائیں کہ کیا یہ سوچ صحیح ہے ؟

جواب:

بہت زیادہ مداہنت ہے اور یہ بات محل نظر ہے ۔

فضیلۃ الشیخ سعید مجتبیٰ سعیدی حفظہ اللہ

اس کے مختلف درجے ہیں ، اگر تو غیر مسلموں کا عقیدہ رکھ کر یہ کام کیا جائے تو ظاہر ہے ایسا شخص دائرہ اسلام سے خارج ہے۔ لیکن اگر وہ ان کے عقائد سے متفق نہیں ہے ، تو پھر بھی ایسی تقریبات میں شرکت یا مبارکبادی کم ازکم ایک حرام کام ہے ، جس سے شریعت نے منع کیا ہے۔
سلف کی کثیر تعداد نے آیت

وَالَّذِیْنَ لا یَشهدُوْنَ الزُوْرَ (الفرقان: 72)

کی تفسیر میں اس سے مراد غیر مسلموں کی عیدوں میں شرکت ہی مراد لیا ہے۔

فضیلۃ العالم خضر حیات حفظہ اللہ