سوال (2684)
ڈراؤنے خوابوں کے بعد کیا کرنا چاہیے؟
جواب:
خواب کی تین قسمیں ہیں ۔
(1) :اچھا خواب:
اللہ تعالی کی طرف سے خوش خبری ہوتی ہے اور یہ نبوت کے چھیالیس حصوں میں سے ایک حصہ ہے۔
(2) :برا خواب:
یہ شیطان کی طرف سے ہوتا ہے۔ وہ اس کے ذریعے انسان کو غم زدہ کرنے اور نیند کے دوران لہو و لعب میں مشغول کرنے کی کوشش کرتا ہے۔
(3) :ذہنی تخیلات:
دن کے وقت انسان کے ذہنی تفکرات اور خیالات نیند میں دکھائی دیتے ہیں۔ اس میں اس کے یومیہ معمولات بھی آجاتے ہیں ۔ مثلاً: اگر کسی وقت کسی شخص کے کھانے کا معمول ہو اور وہ سو جائے تو خواب میں کھانا کھا رہا ہو گا یا ضرورت سے زائد کھالے تو وہ خواب میں دیکھے گا کہ اسے قے آ رہی ہے۔
اچھا خواب دیکھنے کی صورت میں چار باتوں کا خیال رکھنا چاہیے۔
(1) :اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کرے۔
(2) :اسے خوشخبری کا آئینہ دار سمجھے۔
(3) :اسے اپنے دوستوں تک محدود رکھے۔
(4) :اس کی بہتر انداز میں تعبیر کرے یا کروائے،کیونکہ خواب تعبیر کے مطابق پورے ہو جاتے ہیں۔
اگر خواب اچھا نہ ہو تو دیکھنے والے کو سات باتوں کا خیال رکھنا ہوگا، ان کی پاسداری کرنے سے وہ شخص ان شاء اللہ اس کے ضرر سے محفوظ ہو جائے گا۔
(1) :اس کے شر سے پناہ مانگے ۔
(2) :تین دفعہ ” أَعُوذُ بِاللَّهِ مِنَ الشَّيْطَنِ الرَّحِيمِ پڑھے۔
(3) :تین دفعہ بائیں طرف دم کرے۔
(4) :جس کروٹ لیٹ کر یہ خواب دیکھا ہو اسے بدل دے۔
(5) :نماز نفل پڑھنا شروع کر دے۔
(6) :کسی شخص کے سامنے بیان نہ کرے۔
(7) :خود بھی اس کی تعبیر نہ کرے۔
[مأخوذ:آپ کے خواب اور ان کی تعبیر]
ڈراؤنے خواب:
ڈراؤنے خواب بچوں سے لے کر ہر عمر کے فرد کو آ سکتے ہیں، جن میں کبھی خود کو گہری کھائی میں گرتے دیکھا جاتا ہے تو کبھی سمندر میں ڈوبتا دیکھا جاتا ہے، کبھی جسم سے خون بہتا ہوا نظر آتا ہے تو کبھی کسی پیارے کی موت دکھائی دیتی ہے، اسی قسم کے کئی مناظر رات کے کسی پہر آپ کو نظر آتے ہیں اور نتیجتاً آپ کی نیند اور آپ کی ذہنی حالت متاثر ہوتی ہے، جب آپ کا دماغ مسلسل سوچوں میں گم ہو اور منفی خیالات سے بھرا ہو تو ڈراؤنے خواب آتے ہیں، پریشانی کے عالم میں بھی اس قسم کے خواب کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔ کچھ وجوہات یہ ہیں کہ نیند کے معمول کا مسلسل تبدیل ہونا، کوئی خاص صدمہ، نشہ آور چیزیں لینا، کھانے کے فوراً بعد سونا،کسی بہت شور والی جگہ سونا، اس لیے کوشش کریں بستر پر جانے سے قبل آپ کا ذہن پر سکون ہو، بستر پہ جانے سے قبل اچھے طریقے سے وضوء کرلیں، بستر پر جاتے ہوئے بستر کو جھاڑ دیں، سونے قبل جو ذکر اذکار ہیں وہ لازمی کریں، خصوصاً آیۃ الکرسی، معوذتین اور سورۃ البقرہ کی آخری دو آیات پڑھنے کا اہتمام کریں ۔
ماہرین کے مطابق ڈراؤنے خواب ریپڈ آئی موومنٹ کے دوران آتے ہیں، ریپڈ آئی موومنٹ کیا ہے؟ جس لمحے آپ کو ڈراؤنے خواب دکھائی دیں وہ ریپڈ آئی موومنٹ کہلاتا ہے، اس میں آپ کا بلڈ پریشر بڑھتا ہے، دل کی دھڑکنیں تیز جب کہ سانس لینے کی رفتار بھی قدرے بڑھ جاتی ہے۔جسم کا نچلا حصہ بازو ٹانگیں اور کمر حرکت کرنے کے قابل نہیں رہتی ہیں ، اس کیفیت میں آپ کی بند آنکھیں تیزی سے حرکت میں ہوتی ہیں، جب کہ جسم کا نچلا حصہ بازو ٹانگیں اور کمر حرکت کرنے کے قابل نہیں رہتی ہیں۔ یہ بھی کہہ سکتے ہیں کہ کئی بار اس حالت یعنی ریپڈ آئی موومنٹ کے دوران آپ ‘سلیپ پیرالائز’ کی کیفیت کا سامنا کرتے ہیں۔
نوٹ:
ڈراؤنے خواب جادو ٹونہ اور آسیب کی علامات میں ایک علامت ہے، کوئی شخص یا گھر کا کوئی فرد ڈراؤنے خواب دیکھتا ہے تو اسے شرعی معالج سے تصدیق کرا لینی چاہیے، ڈراؤنے خواب مثلاً خواب میں دیکھے کہ کوئی مجھے قتل کر رہا ہے، کنویں میں گرا رہا ہے، چھت اور بلندی سے پھینک رہا ہے یا گر رہا ہے، خواب میں سانپ، کتے، بلی، بھینس جیسے جانور وغیرہ دیکھے۔ اس کا علاج یہ ہے کہ کسی صحیح راسخ العقیدہ روحانی راقی سے دم کروایا جائے۔ باقی جادو سے علاج ہرگز نہ کروائے، کیونکہ جادو کفر ہے۔
دعا کا اہتمام:
مندرجہ ذیل دعا کا اہتمام کریں، اس دعا کو پڑھ کر دم کرلیا کریں۔
“أعوذ بكلمات الله التامة من غضبه و عقابه، و شر عباده، و من همزات الشياطين و أن يحضرون”
فضیلۃ الباحث افضل ظہیر جمالی حفظہ اللہ