سوال
میرے بھائی کی اگلے ہفتے شادی ہے گھر والے شادی پر ڈھول باجے منگواتے ہیں میں نے منع بھی کیا لیکن نہیں مانے تو اب اس صورت میں میں کیا کروں ؟ میرا ارادہ ہے،کہ میں شادی اٹینڈ ہی نہ کروں بارات پر نہ جاؤں بلکہ گھر سے کہیں چلا جاؤں تو اس بارے میں میری رہنمائی فرما دیں۔
جواب
الحمد لله وحده، والصلاة والسلام على من لا نبي بعده!
آپ کا فیصلہ بالکل درست ہے کہ ایسی تقریب جہاں ڈھول باجے، ناچ گانا ہو وہاں نہ جائیں، ان سے کہیں کہ میں ایسی مجلس میں نہیں آؤں گا۔ یہی تقوی کا تقاضا ہے۔ آپ کی اس کوشش سے اللہ آپ سے راضی ہوگا اور آپ کے لیے آسانیاں پیدا فرما دے گا، جیسا کہ اللہ تعالیٰ کا فرمان ہے:
“وَمَن يَتَّقِ اللَّهَ يَجْعَل لَّهُ مَخْرَجًا”. [الطلاق:2]
’جو شخص اللہ سے ڈرتا ہے اللہ اس کے لیے نکلنے کا راستہ نکال دیتا ہے‘۔
ہاں اگر کسی مجبوری کے سبب آپ کا ایسی کسی شادی یا تقریب میں شریک ہونا ضروری ہے تو جہاں ڈھول ، گانے بجانے جیسے خلافِ شرع کام ہو رہے ہیں ، وہاں جانے سے پرہیز کریں، اور اسی طرح جس حد تک ممکن ہو منکرات کو روکنے کی کوشش کریں۔ بلکہ بعض اہلِ علم نے لکھا ہے کہ اگر انسان انکارِ منکر کر سکتا ہو تو اسے ایسی تقاریب میں ضرور شریک ہونا چاہیے، کیونکہ ایک تو قبولِ دعوت کے فریضے پر عمل ہو گا، دوسرا انکارِ منکر پر بھی عمل ہو جائے گا۔ ( المغنی لابن قدامۃ 7/214)
رہے وہ لوگ جو خوش دلی سے ایسی مجالس میں شریک ہوتے ہیں، تو یہ ایک گناہ کے کاموں میں معاونت کے مترادف ہے،جو شرعی طور پر جائز نہیں ہے، گناہ کے کاموں میں معاونت کرنے سے اللہ نے منع فرمایا ہے۔
ارشادِ باری تعالیٰ ہے:
“وَلَا تَعَاوَنُوا عَلَى الْإِثْمِ وَالْعُدْوَانِ”. [المائدہ:2]
’اے ایمان والو گناه اورظلم و زیادتی میں کسی کی مدد نہ کرو‘۔
اسی طرح فرمایا:
“وَمِنَ النَّاسِ مَنْ يَشْتَرِي لَهْوَ الْحَدِيثِ لِيُضِلَّ عَنْ سَبِيلِ اللَّهِ بِغَيْرِ عِلْمٍ وَيَتَّخِذَهَا هُزُواً أُولَئِكَ لَهُمْ عَذَابٌ مُهِينٌ”. [لقمان:6]
’لوگوں میں سے کچھ ایسے بھی ہیں جو گانے بجانے کے آلات و وسائل خریدتے ہیں تاکہ لوگوں کو اللہ کے رستے سے گمراہ کریں اور اس کا مذاق اڑائیں، یہی لوگ ہیں جن کے لیے رسوا کن عذاب ہے‘۔
وآخر دعوانا أن الحمد لله رب العالمين
مفتیانِ کرام
فضیلۃ الشیخ ابو محمد عبد الستار حماد حفظہ اللہ
فضیلۃ الشیخ عبد الحلیم بلال حفظہ اللہ
فضیلۃ الشیخ جاوید اقبال سیالکوٹی حفظہ اللہ
فضیلۃ الدکتور عبد الرحمن یوسف مدنی حفظہ اللہ
فضیلۃ الشیخ سعید مجتبیٰ سعیدی حفظہ اللہ
فضیلۃ الشیخ ابو عدنان محمد منیر قمر حفظہ اللہ