سوال (6578)

دو حیض کے درمیان کم از کم کتنی مدت ہونا ضروری ہے، ایک 50 سالہ خاتون کو حیض اپنی عادت کے مطابق آئے اور غسل سے فارغ ہونے کے بعد صرف پانچ دن کے بعد دوبارہ آگئے اور حیض کی مقدار رنگ اور تمام کیفیات ویسی ہی ہیں جیسے انہیں نارمل حیض میں آتی ہیں تو اس صورت میں کیا حکم ہوگا؟

جواب

بسا اوقات ٹائم پیریڈ یعنی حیض کے ایام بگڑ جاتے ہیں، اور اس کی وجہ عورت کی عمر یا کمزوری ہو سکتی ہے۔ امام بخاری رحمہ اللہ نے اس طرف اشارہ فرمایا ہے کہ اس میں عورت کی اپنی بات معتبر ہوتی ہے۔
ایک عورت ایک مہینے میں تین مرتبہ بھی حائضہ ہو سکتی ہے۔ ایسی صورت میں اس کا حکم یہ ہے کہ:
جب وہ خون دیکھے تو نماز چھوڑ دے۔ خون رک جائے تو جتنی نمازیں نصیب ہوں، وہ ادا کرے۔
پھر اگر دوبارہ خون آئے تو پھر وہ نماز چھوڑ دے۔ تمام کیفیات اور علامات وہی ہیں جو اس مسئلے کے لیے معتبر سمجھی جاتی ہیں، لہٰذا اس کے مطابق عمل کرنا درست ہے۔

فضیلۃ الشیخ عبد الوکیل ناصر حفظہ اللہ