سوال
میں نے دو مہینے پہلے قربانی کے لیے گائے کا جانور لیا تھا، وہ قریبا دو سال کا ہوگیا ہے، لیکن ابھی تک اس کے دانت نہیں ٹوٹے، کیا اس کی قربانی ہوجائے گی؟
جواب
الحمد لله وحده، والصلاة والسلام على من لا نبي بعده!
جانور کی عمر چاہے دو سال ہی کیوں نہ ہوجائے، اگر وہ قربانی اور ذبح کے وقت دوندا (دو دانتا) نہیں ہے، تو اس کی قربانی جائز نہیں ہے۔ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا:
“لَا تَذْبَحُوا إِلَّا مُسِنَّةً إِلَّا أَنْ يَعْسُرَ عَلَيْكُمْ فَتَذْبَحُوا جَذَعَةً مِنْ الضَّأْنِ”. [صحیح مسلم: 1963]
’’صرف مسنہ (دو دانتا) جانور کی قربانی کرو، ہاں اگر تم کو دشواری ہو تو ایک سالہ دنبہ یا مینڈھا ذبح کرلو‘‘۔
اس حدیث میں آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے حصر کے ساتھ فرمایا کہ دوندا (مسنہ) جانور کے علاوہ اور کوئی جانور ذبح نہ کیا جائے، اور یہاں کسی قسم کی عمر کی قید نہیں لگائی، بلکہ دانت نکلنے (یعنی دو دانتا ہونے) کو ہی معیار بنایا گیا ہے۔ لہٰذا جانور کی عمر چاہے جتنی مرضی ہو جائے، لیکن اگر وہ دوندا نہیں ہوا، تو اس کی قربانی جائز نہیں ہے۔
وآخر دعوانا أن الحمد لله رب العالمين
مفتیانِ کرام
فضیلۃ الشیخ ابو محمد عبد الستار حماد حفظہ اللہ
فضیلۃ الشیخ عبد الحلیم بلال حفظہ اللہ
فضیلۃ الشیخ جاوید اقبال سیالکوٹی حفظہ اللہ
فضیلۃ الشیخ عبد الحنان سامرودی حفظہ اللہ
فضیلۃ الشیخ محمد إدریس اثری حفظہ اللہ
فضیلۃ الشیخ ابو عدنان محمد منیر قمر حفظہ اللہ