سوال (2906)

اس ڈر سے دوسرا نکاح پوشیدہ رکھنا کہ پہلی بیوی ناراض نہ ہو جائے فیملی کا پریشر نہ آجائے، کیا یہ جائز ہے؟

جواب

ایک اسلامی ملک میں رہ کر ہمیں اس قسم سے سوالات کرنے پڑ رہے ہیں، اس سے زیادہ ہماری بدنصیبی کیا ہوگی، ہم جس معاشرے میں رہ رہے ہیں، اس میں دوسرے نکاح کرنے والے کو حقارت کی نگاہ سے دیکھا جاتا ہے، میرے علم کے مطابق اگر اس کو آپ اپنوں سے چھپا دیں، لڑکی کے اقرباء وغیرہ کو اگر علم ہے تو یہ خفیہ نکاح نہیں ہے، لڑکی کے قریب رشتے داروں کو پتا چل جانا یہ نکاح کے اعلان کے مترادف ہے، ورنہ اگر آپ کے اقرباء بیوی، بہن یا بھائیوں کو اگر پتا چلے گا تو اس سے فساد برپا ہوگا۔

فضیلۃ الشیخ عبدالرزاق زاہد حفظہ اللہ

اس نکاح کوکب تک پوشیدہ رکھا جائے گا، سال بعد دو سال بعد آخر راز فاش ہو ہی جائے گا، تب زیادہ شور شرابا ہوگا، بہتر یہی ہے کہ شروع ہی میں اظہار کردیا جائے۔

فضیلۃ الشیخ سعید مجتبیٰ سعیدی حفظہ اللہ