سوال

دوران غسل اپنی شرم گاہ کوچھونے، یا اس کی طرف دیکھنے سے غسل ٹوٹ جاتا ہے؟یا صرف وضو ہی ٹوٹتا ہے ،یا دونوں ہی ٹوٹ جاتے ہیں؟

جواب

الحمد لله وحده، والصلاة والسلام على من لا نبي بعده!

 غسل کے دوران اپنی شرمگاہ کی طرف دیکھنے سے وضونہیں ٹوٹتا، کیونکہ شریعت اسلامیہ نے وضوتوڑنے والے امور میں اسکا شمار نہیں کیا ۔ وضو ایک شرعی اصطلاح اور تعبدی حکم ہے، اس کا وجوداور عدم یا نقض یعنی اس کا ہونا یا نا ہونا، یا ٹوٹ جانا ،یہ تمام امور دلیل کے محتاج ہیں۔
جس طرح سنت کے مطابق وضو کرنے سے اس کے ’وجود‘ یعنی ’ہونے‘ کا فیصلہ کیا جاتا ہے، اسی طرح اس کے نقض یعنی ٹوٹنے کے لیے بھی شرعی دلیل کی ضرورت ہے، جسے نواقضِ وضو کے طور پر بیان کیا جاتا ہے۔ اور محض دیکھنا یہ ان نواقض میں مذکور نہیں ہے۔
 البتہ شرمگاہ کو چھونے سے وضو ٹوٹ جاتا ہے۔ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کا ارشادِ گرامی ہے:

“مَن مسَّ ذَكَره فليتوضَّأْ”. [سنن ابي داود:181]

’جو شرمگاہ کو چھوئے، تو وہ وضو کرے‘۔
امام بخاری رحمہ اللہ فرماتے ہیں:

” هُوَ أَصَحُّ شَيْءٍ فِي هَذَا الْبَابِ”. [ العلل الكبير للترمذي (ترتيبه) ص:50 ، المحرر لابن عبد الهادي: رقم:81، بلوغ المرام، رقم:73]

’یہ اس سلسلے کی سب سے صحیح ترین روایت ہے‘۔
یہ اگرچہ اختلافی مسئلہ ہے، دونوں طرف دلائل موجود ہیں، لیکن جمہور علماء کا موقف یہی ہے کہ مسِ ذکر ناقضِ وضو ہے۔ اور احتیاط بھی اسی میں ہے کہ شرمگاہ کو ہاتھ لگنے سے وضو دوبارہ کرلیا جائے۔
تفصیل کے لیے نيل الأوطار (1/251) وغیرہ مطولات ملاحظہ کی جاسکتی ہیں۔
 غسل کےساتھ وضو کرنا مستحب اور مسنون ہے۔ ( الاستذکار لابن عبد البر:1/260، المغني لابن قدامة: 1/218، الإعلام لابن الملقن: 2/27، صحیح فقہ السنۃ: 1/ 173) لہذا ایک دفعہ وضو کرلیا، تو دورانِ غسل وضو ٹوٹ جائے، تو بھی غسل ہوجائے گا ۔ ہاں البتہ اگر نماز وغیرہ پڑھنی ہے ، تو وضو دوبارہ کرنا پڑے گا۔
خلاصہ کلام یہ ہے کہ دورانِ غسل شرمگاہ کو دیکھنے سے غسل اور وضو دونوں کو کچھ نہیں ہوتا، جبکہ ہاتھ لگانے سے صرف وضو ٹوٹتا ہے، غسل باقی رہتا ہے ۔

واللہ اعلم

مفتیانِ کرام

فضیلۃ الشیخ ابو محمد عبد الستار حماد حفظہ اللہ

فضیلۃ الشیخ عبد الحلیم بلال حفظہ اللہ

فضیلۃ الشیخ جاوید اقبال سیالکوٹی حفظہ اللہ

فضیلۃ الدکتور عبد الرحمن یوسف مدنی حفظہ اللہ

فضیلۃ الشیخ سعید مجتبیٰ سعیدی حفظہ اللہ

فضیلۃ الشیخ ابو عدنان محمد منیر قمر حفظہ اللہ

فضیلۃ الشیخ مفتی عبد الولی حقانی حفظہ اللہ

فضیلۃ الشیخ محمد إدریس اثری حفظہ اللہ