سوال (1362)
فیس بک پروفائل کو لاک رکھنا کیسا ہے؟ کچھ لوگ فرینڈ ریکوسٹ بھیجتے ہیں، لیکن ان کی پروفائل لاک ہوتی ہے۔
جواب
فیس بک پروفائل اس کے بنانے والے کی ملکیت اور قبضے میں ہے، اسے اختیار ہے کہ وہ اپنی پروفائل کو اوپن رکھے یا لاک! دونوں میں کوئی شرعی قباحت نہیں ہے۔ ان شاءاللہ۔
فیس بک لاک کا آپشن اس وجہ سے دیتی ہے، تاکہ آپ کے فرینڈز کے علاوہ کوئی شخص آپ کی مرضی کے بغیر آپ کی پوسٹس اور فرینڈز کی لسٹ وغیرہ کو نہ دیکھ سکے۔
اس آپشن کو استعمال کرنا ، نہ کرنا یہ اس انسان کی صوابدید پر ہے،اس میں کوئی مسئلہ نہیں۔ کوئی کسی دوسرے سے یہ مطالبہ نہیں کر سکتا کہ آپ مجھے اپنے دوستوں یا تحریروں وغیرہ کی فہرست دکھائیں۔
البتہ یہ یاد رکھیں کہ ہم کسی شخص کی فرینڈ ریکوسٹ کس بنیاد پر قبول کرتے ہیں؟ یقینا اگر ہم سوشل میڈیا کو ایک ذمہ دارانہ اور سنجیدہ طریقے سے استعمال کرتے ہیں، تو کسی بھی شخص کو ایڈ کرنے سے پہلے ہم اس کے متعلق معلومات حاصل کرتے ہیں کہ یہ شخص کیسا ہے؟ اور اس کے لیے سب سے بہترین چیزیں دو ہی ہیں: ایک دوستوں کی فہرست، دوسرا اس کی سابقہ پوسٹس۔ اسی لیے شریعت میں دوست اور حلقہ احباب اختیار کرنے میں احتیاط کی تاکید کی گئی ہے، جیسا کہ قرآن وسنت میں اس حوالے سے کئی ایک نصوص موجود ہیں۔
لہذا اگر آپ خود سنجیدہ ہیں اور چاہتے ہیں کہ سنجیدہ لوگ ہی آپ کے حلقہ احباب میں آئیں، تو آپ کو اپنی پروفائل اوپن رکھنی ہو گی، تاکہ لوگ جب آپ کا تعارف حاصل کرنے کی غرض سے آئیں، تو آگے سے لاک نظر نہ آئے۔
لہذا پروفائل لاک رکھنا یہ جائز ہے،لیکن لاک شدہ پروفائل کی طرف سے فرینڈ ریکوسٹ قبول نہ کرنا بھی جائز بلکہ بہتر ہے، تاکہ ایرا غیرا لوگ آپ کے حلقہ احباب میں شامل نہ ہو سکیں۔
فضیلۃ العالم حافظ خضر حیات حفظہ اللہ