فیس بک نےکچھ عرصے سے ’کنٹینٹ رائیٹرز‘ کے لیے ایک فیچر متعارف کروایا ہے۔ جس کے ذریعے فالورز انہیں سپورٹ کرسکتے ہیں۔
جس آئی ڈی پر یہ فیچر آن ہو. اس سے جب بھی کوئی ویڈیو یا ریل اپلوڈ کی جاتی ہے، اس پر شیئر، لائک، کمنٹ کے ساتھ ’سٹار‘ کا بٹن بھی شو ہونا شروع ہوجاتا ہے۔
دیکھنے والے اس بٹن کو دبا کر اس ویڈیو کو اپلوڈ کرنے والے کو ’سٹارز‘ دے سکتے ہیں۔
یہ سٹارز بذات خود کوئی کرنسی نہیں ہیں، لیکن یہ ملتے بھی پیسوں سے ہیں، اور جس کو دیے جاتے ہیں، اس کے پاس بھی جب خاص مقدار میں جمع ہوجاتے ہیں، تو وہ انہیں پیسوں میں کنورٹ کرکے ہی حاصل کرسکتا ہے۔
فیس بک سٹارز کا شرعی حکم کیا ہے؟
چونکہ یہ سٹار محض فالورز کی طرف سے حمایت اور سپورٹ ہوتے ہیں، ان کا کسی قسم کے اعلانات و اشتہارات/ یا کاروبار کے ساتھ کوئی لنک نہیں ہوتا۔ اس وجہ سے ایک اچھے کام پر حوصلہ افزائی کے لیے انہیں استعمال کیا جائے، تو ان کے لینے یا دینے میں کوئی قباحت نہیں ہے۔
ہاں البتہ یہ بات سمجھ میں آئی ہے کہ اگر ہم واقعتا کسی کے کنٹینٹ/ مواد کو مفید اور اچھا پاتے ہیں، اور اسے سپورٹ کرنا چاہتے ہیں، تو اسے سپورٹ کرنے کی یہ صورت کوئی زیادہ بہتر نظر نہیں آتی۔
کیونکہ اس میں ہوتا یہ ہے کہ آپ مثلا دس ڈالرز کسی کو دینا چاہتے ہیں، تو پہلے فیس بک کو وہ پیسے دے کر ان کے سٹارز خریدنا ہوں گے، پھر وہ سٹارز آپ کسی کو دیں گے، فیس بک دوبارہ انہیں ڈالرز وغیرہ کرنسی میں کنورٹ کرکے کنٹینٹ رائٹر کو دے گا۔
اس سے بہتر طریقہ یہ ہے کہ آپ براہ راست اپنا تعاون کنٹینٹ رائٹر کو دیں۔
ہر ہر ویڈیو پر سٹارز دینے کی بجائے، آپ اپنے ذہن میں شمار کرلیں، اور ہفتے بعد، مہینے بعد، دو تین ماہ بعد آپ براہ راست جاز کیش وغیرہ کے ذریعے کچھ پیسے ان صاحب کو حوصلہ افزائی کے طور پر بھيج دیں۔
اس سے یقینا آپ بھی مشقت سے بچیں گے، اور کنٹینٹ رائٹر کی حوصلہ افزائی بھی زیادہ ہوگی۔
میری اپنی آئی ڈی پر بھی سٹارز کا آپشن فعال ہے، لیکن مجھے اس پر قطعا شرح صدر نہیں ہے کہ میں سپورٹ حاصل کرنے کے لیے دوست احباب کو فیس بک سٹارز خریدنے کے فضائل اور اہمیت بیان کروں. کیونکہ اس میں کنٹینٹ رائٹر کی سپورٹ سے زیادہ فیس بک کی سپورٹ نظر آتی ہے، جس میں یقینا ہمیں بطورِ مسلمان کوئی دلچسپی نہیں ہے، اور نہ ہم اسے کوئی خیر کا کام سمجھتے ہیں۔
بہرصورت انگریزوں کی یہ سوچ قابلِ تحسین ہے کہ انہوں نے کام کرنے والوں کی قدر اور حوصلہ افزائی کے لیے مختلف طریقے ایجاد کیے ہوئے ہیں۔
اور باقاعدہ کئی ایک فیچرز اور پلیٹ فارمز موجود ہیں، جن کے ذریعے وہ مفید کام کرنے والوں کو باقاعدہ سپورٹ کرتے ہیں۔
ہمارے ہاں تو سب کچھ چھوڑ چھاڑ کر دین کی خدمت کرنے والے مولانا صاحب کے ساتھ فی سبیل اللہ تعاون کرنے پر بھی ’بعض لوگ’ پس و پیش کرتے ہیں، جبکہ جنہوں نے کسی کو سپورٹ کرنا ہوتا ہے، وہ گانے بجانے، فنون لطیفہ، اور عام کنٹینٹ رائٹنگ کے لیے ’وقف’ افراد کو بھی تعاون کرتے ہیں…!!
#خیال_خاطر