سوال (2709)

ہم رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کو تو نور نہیں مانتے ہیں، مگر فرشتے بھی تو نور ہیں، وہ کونسے نور کے ہیں؟

جواب

نور کی چار قسمیں ہیں۔
(1) : اللہ تعالیٰ کا نور
(2) : فرشتوں کا نور
(3) : مادی روشنی
(4) : ہدایت کا نور
نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کو اللہ کا نور کہنا شرک ہے، فرشتوں کا نور کہنے سے نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی توہین ہے، اس لیے کہ یہ نور خود آدم خاکی کے سامنے سجدہ کر رہا ہے، مادی روشنی نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نہیں ہیں، چوتھی چیز ہدایت کا نور ہے، اس میں کوئی شک نہیں ہے کہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم ہدایت کے نور ہیں، آپ صلی اللہ علیہ وسلم کو ہدایت کا نور نہیں کہنا چاہیے، بلکہ ہدایت کے نور کا مرکز کہنا چاہیے ، جہاں سے ہدایت کا نور پھوٹتا ہے۔

فضیلۃ الشیخ عبد الرزاق زاہد حفظہ اللہ

ایک نور صفت الٰہی ہے۔

“لَيۡسَ كَمِثۡلِهٖ شَىۡءٌ وَهُوَ السَّمِيۡعُ الۡبَصِيۡرُ” [سورة الشوري : 11]

«اس کی مثل کوئی چیز نہیں اور وہی سب کچھ سننے والا، سب کچھ دیکھنے والا ہے»
ایک نور مخلوق ہے۔

“اَلۡحَمۡدُ لِلّٰهِ الَّذِىۡ خَلَقَ السَّمٰوٰتِ وَالۡاَرۡضَ وَجَعَلَ الظُّلُمٰتِ وَالنُّوۡرَ ؕ ثُمَّ الَّذِيۡنَ كَفَرُوۡا بِرَبِّهِمۡ يَعۡدِلُوۡنَ” [سورة الانعام : 1]

«سب تعریف اللہ کے لیے ہے جس نے آسمانوں اور زمین کو پیدا کیا اور اندھیروں اور روشنی کو بنایا، پھر (بھی) وہ لوگ جنھوں نے کفر کیا، اپنے رب کے ساتھ برابر ٹھہراتے ہیں»

فضیلۃ الشیخ عبد الوکیل ناصر حفظہ اللہ

سائل:
پھر ایک سوال ہے کہ فرشتے کونسے نور ہیں؟
جواب:
مٹی مخلوق ہے اسی سے آدم ہے، اس طرح نور مخلوق ہے، اسی سے فرشتے ہیں۔

فضیلۃ الشیخ عبد الوکیل ناصر حفظہ اللہ

فرشتے اس طرح نور ہیں، جس طرح اللہ تعالیٰ نے ان کو پیدا کیا ہے، اب کوئی سوال کرے کہ اللہ تعالیٰ کا نور ہے، وہ نور کیسا ہے، جیسا کہ اللہ تعالیٰ کے لیے لائق ہے۔

فضیلۃ الشیخ عبدالرزاق زاہد حفظہ اللہ

سائل:
آپ تھوڑی سی رہنمائی فرمائیں کہ اس پر کونسی کتابیں پڑھنی چاہیے جو زیادہ فائدہ مند ثابت ہوں۔
جواب:
منھاج المسلم شیخ ابوبکر الجزائری کی بہترین کتاب ہے، جس کا اردو ترجمہ اسلامی طرز زندگی کے نام سے ہو چکا ہے، وہ کتاب انتہائی جامع کتاب ہے۔ اس سے مختصر چیزیں لے کر بیان کردیں۔

فضیلۃ الشیخ عبدالرزاق زاہد حفظہ اللہ