سوال (1592)

ایک دوست ہیں جن کو اچانک گھبراہٹ اور سر میں درد اور نیند میں کمی کا مسئلہ بن گیا ہے ، دوائیوں سے افاقہ نہیں ہو رہا ہے ، وہ روحانی معاملہ سمجھ رہے ہیں ۔ اس بارے ميں مخلصانہ رہنمائی فرما دیں ۔

جواب

خود رقیہ کریں ، گھر میں کوئی صوم و صلوٰۃ کا پابند ہو اس سے دم کروائیں ، یا رقیہ سن لیں ، رقیہ تو آج کل یوٹیوب سے ڈاونلوڈ ہوجاتے ہیں یا جس علاقے میں ہیں وہاں کوئی سلفی عالم ہے تو اس کی طرف رجوع کریں ۔ ان شاءاللہ اللہ تعالیٰ شفاء دیں گے ۔

فضیلۃ الشیخ عبد الوکیل ناصر حفظہ اللہ

اس قسم کے مسائل کی مختلف وجوہات ہو سکتی ہیں، جو وجہ ہو اسی کے مطابق علاج فائدہ مند ہوتا ہے۔ بعض دفعہ طبی مسئلہ ہوتا ہے، یعنی معدے وغیرہ کی خرابی اور خوراک کا عدم تناسب اس کا ذریعہ بنتا ہے، اس کا علاج طبی ہی ہوگا، یعنی حکیم یا ڈاکٹر سے علاج کروایا جائے اور ان کی رہنمائی کے مطابق خوراک درست کی جائے۔
بعض دفعہ روحانی مسئلہ بھی ہوتا ہے، یعنی نظرِ بد یا جادو وغیرہ ہوتا ہے، اس کے لیے روحانی علاج یعنی رقیہ شرعیہ اور روحانی معالج سے رجوع کیا جائے۔
بعض دفعہ یہ معاملہ نفسیاتی ہوتا ہے، یعنی انسان کو وقتی طور پر کوئی حادثہ پیش آتا ہے، جس وجہ سے اس کا ذہن اور نفسیات مضطرب ہو جاتی ہیں، اس کا علاج سائیکالوجسٹ سے کروانے کی ضرورت ہوتی ہے۔
اس بات میں کوئی دو رائے نہیں ہیںکہ قرآن اور روحانی علاج میں اللہ تعالی نے ہر چیز کی شفا رکھی ہے، لیکن ضروری نہیں کہ ہر شخص کو روحانی علاج فائدہ بھی دے، بعض دفعہ نفسیاتی یا طبی مسائل اس قسم کے گھمبیر ہوتے ہیں کہ ان کا فوری طبی یا نفسیاتی علاج ضروری ہوتا ہے، انہیں نظر یا جادو یا کوئی روحانی مسئلہ سمجھ کر علاج کرتے رہنے سے معاملات مزید بگڑ جاتے ہیں۔ واللہ اعلم۔
ان مسائل میں ایک مشکل پہلو یہ بھی ہوتا ہے کہ مرض کی وجوہات جو بھی ہوں، مریض پر ظاہر ہونے والی علامات ایک جیسی ہوتی ہیں، اور عموما آپ جس معالج کے پاس بھی چلے جائیں وہ اسی حساب سے اس کا علاج شروع کردیتا ہے۔

فضیلۃ العالم حافظ خضر حیات حفظہ اللہ