سوال (1941)

غدیرِ خم کیا ہے؟ ایک شخص کہہ رہا تھا کہ یہ اس مقام کا نام ہے جہاں زمزم کا کنواں ہے۔ اس کی کیا حقیقت ہے؟

جواب

یہ لفظ ‌’’ غَدير ‌خُم ’’ ہے۔ خُم ایک وادی کا نام ہے جو مکہ اور مدینہ کے درمیان ایک مشہور مقام جحفہ سے دو تین میل کے فاصلے پر واقع ہے۔ وہاں تالاب ہے جس کے لیے عربی میں لفظ ’غدیر’ بولا گیا ہے۔

[الاقتضاب في غريب الموطأ وإعرابه على الأبواب 1/ 363، شرح النووي على مسلم 15/ 179]

حجۃ الوداع سے واپسی پر نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے یہاں پر پڑاؤ فرمایا تھا اور صحابہ کرام کو خطاب فرمایا تھا، جس کی تفصیل کتبِ احادیث وغیرہ کے اندر موجود ہے، اسی وجہ سے یہ مقام مشہور ہو گیا۔ غدیر خم کا ماء زمزم کے ساتھ کوئی تعلق نہیں ہے، کیونکہ زمزم کا کنواں تو مکہ بلکہ مسجد حرام کے اندر ہے۔
اردو میں اس پر ایک تفصیلی کتاب ہے بعنوان “خطبہ غدیر خم اور اہل بیت کے حقوق” از فضیلۃ الشیخ ارشاد الحق اثری حفظہ اللہ، جسے ملاحظہ کیا جا سکتا ہے۔

فضیلۃ العالم خضر حیات حفظہ اللہ