سوال
ہمارے ایک دوست ایک عرصہ سے ایک میگزین بھی نکال رہے ہیں۔انہوں نے قادیانیوں کے خلاف مضامین اور کئی اداریے بھی لکھےجس کامرزائیوں کو پتہ ہےبعض موضوعات پران سے طویل بحث بھی رہی ہے۔
اب کچھ ایام پہلے ہمارے دوست بیماری وغیرہ کی آزمائش سے گزرےتو مرزائیوں کو پتہ چل گیا۔ ان کے تین چار چیلے عیادت کو آ گئےاور عیادت کے بعد ان کے لیے زبردستی کچھ پیسے چھوڑ گئے۔ اب ان پیسوں کا وہ صاحب کیا کریں۔واپس تو وہ لیتے نہیں۔کیا باامر مجبوری وہ رقم اپنے استعمال میں لا سکتے ہیں؟
جواب
ارشاد باری تعالیٰ ہے:
“لَا يَتَّخِذِ الۡمُؤۡمِنُوۡنَ الۡكٰفِرِيۡنَ اَوۡلِيَآءَ مِنۡ دُوۡنِ الۡمُؤۡمِنِيۡنَۚ وَمَنۡ يَّفۡعَلۡ ذٰ لِكَ فَلَيۡسَ مِنَ اللّٰهِ فِىۡ شَىۡءٍ اِلَّاۤ اَنۡ تَتَّقُوۡا مِنۡهُمۡ تُقٰٮةً”. [آل عمران: 28]
’’ایمان والے مومنوں کو چھوڑ کر کافروں کو دوست مت بنائیں اور جو ایسا کرے گا وہ اللہ کی طرف سے کسی چیز میں نہیں مگر یہ کہ تم ان سے بچو، کسی طرح بچنا‘‘۔
کفار سے دوستی کرنا منع ہے، اسکا سبب یہ ہے کہ ان سے دوستی اور اختلاط دین میں خرابی کاباعث بن سکتا ہے، جیسا کہ سوال میں ذکر ہے کہ ایک بندہ قادیانیوں کے خلاف کام کر رہا ہے انکی طرف سے الٹا اس کیساتھ تعاون کرنا، یہ باتیں باعث اشکال ہیں،علاوہ ازیں کئی واقعات ایسے بھی سامنے آئے کہ لالچ دے کر کئی لوگوں کو قادیانی، مرزائی بنادیا گیا۔
لہذا غیر مسلم سےمحبت و عقیدت اور دوستی والا رشتہ نہیں رکھنا چاہیے ، انکو تحائف دینے یا انکی طرف سے تحائف قبول کرنے سے بھی گریز کرنا چاہیے، البتہ اگر کوئی غیر مسلم خود اپنی خوشی سے کار خیر سمجھ کر تعاون کردے اور اس میں آگے چل کر کسی فتنے یا دخل اندازی کا اندیشہ نہ ہوتو ایسی صورت میں غیر مسلم کا تعاون قبول کیا جاسکتا ہے ۔
صورت مسئولہ میں اگر مرزائیوں نے اچھا کام سمجھ کر آپ کے ساتھ کچھ تعاون کردیا ہے، تو اس کو استعمال کرنے کی گنجائش ہے، البتہ یہ اطمینان کرلینا ضروری ہے کہ ان کے مالی تعاون کو قبول کرنےکی وجہ سے آگے چل کر کسی بھی طرح کے خطرے کا اندیشہ نہ ہو ۔
بہت بڑا المیہ ہے کہ خیرکے کام، ناداروں کی خبر گیری، ضرورت مندوں کی ضرورت کو پورا کرنا، مسلمانوں کی خیر خواہی کرنا اور ایک دوسرے کے ساتھ ہر قسم کا تعاون وغیرہ جیسے کام جوہم مسلمانوں نے کرنے تھے ،ہم نے انکو چھوڑ دیا ہے اور غیر مسلموں نے اپنا لیا ہے۔
مفتیانِ کرام
فضیلۃ الشیخ ابو محمد عبد الستار حماد حفظہ اللہ
فضیلۃ الشیخ ابو عدنان محمد منیر قمر حفظہ اللہ
فضیلۃ الشیخ جاوید اقبال سیالکوٹی حفظہ اللہ