سوال (1342)

سر میرے ایک گھٹنے میں بہت درد ہے میں کھڑا ہوسکتا ہوں، نیچے فرش پے بیٹھ کے سجدے نہیں کر سکتا بہت تکلیف ہوتی۔ سر نماز کھڑے ہوکر پڑھوں پھر کرسی پر بیٹھ کر سجدے ک لیے جھکوں۔ یا نماز کھڑے ہوکر ہی پڑھوں سجدہ بھی کھڑے ہوکر اشارہ کروں سر اشارے کی کیفیت بھی بتا دیجیئے۔

جواب

کوئی بات نہیں، آپ کے لیے جائز ہے کہ آپ نماز کھڑے ہو کر پڑھ لیں، لیکن سجدہ کے وقت کرسی پر بیٹھ کر سجدہ کر لیں۔
نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کا ارشاد ہے:

“صَلِّ قَائِمًا ، فَإِنْ لَمْ تَسْتَطِعْ فَقَاعِدًا ، فَإِنْ لَمْ تَسْتَطِعْ فَعَلَى جَنْبٍ”. [صحيح البخاري:1050]

’کھڑے ہو کر نماز پڑھیں، لیکن اگر قیام کی استطاعت نہ ہو تو بیٹھ جائیں، اور اگر یہ بھی استطاعت نہ ہو تو لیٹ کر پڑھ لیں‘۔
اس حدیث سے یہ سمجھ آتی ہے کہ معذور اور بیمار آدمی کے لیے نماز کے طریقہ میں گنجائش موجود ہے۔
لہذا آپ کے لیے اگر سجدہ کو کما حقہ کرنا مشکل ہے، تو آپ کرسی وغیرہ پر بیٹھ کر یہ کام کر سکتے ہیں۔ اور اس کا کوئی خاص طریقہ نہیں ہے، بلکہ مریض حسبِ استطاعت سجدہ کی کیفیت بنانے کی کوشش کرے گا۔ جتنا بھی جھک سکتا ہو جھک جائے۔

فضیلۃ العالم حافظ خضر حیات حفظہ اللہ