سوال

میں زکوٰۃ ادا کرنا چاہتی ہوں، اور میری نند کا خاوند فوت ہوگیا ہے۔اس کے چھوٹے بچے بھی ہیں، جو کہ یتیم ہیں۔لیکن میری نند کا عقیدہ درست نہیں ہے۔پوچھنا یہ ہے، کہ میں اس کو زکوۃ دے سکتی ہوں جبکہ اس کا عقیدہ درست نہیں؟

جواب

الحمد لله وحده، والصلاة والسلام على من لا نبي بعده!

جن آٹھ مصارف میں زکاۃ خرچ کرنا واجب ہے، انہیں اللہ تعالی نے بالکل واضح  لفظوں میں بیان فرمایا ہے، اور یہ بھی بتلایا کہ  انہیں مصارف  میں زکاۃ خرچ کرنا واجب ہے، اور  شریعت کا ہر فیصلہ علم و حکمت پر مبنی  ہوتا ہے، چنانچہ فرمانِ باری تعالی ہے:

(إِنَّمَا الصَّدَقَاتُ لِلْفُقَرَاءِ وَالْمَسَاكِينِ وَالْعَامِلِينَ عَلَيْهَا وَالْمُؤَلَّفَةِ قُلُوبُهُمْ وَفِي الرِّقَابِ وَالْغَارِمِينَ وَفِي سَبِيلِ اللَّهِ وَاِبْنِ السَّبِيلِ فَرِيضَةً مِنْ اللَّهِ وَاللَّهُ عَلِيمٌ حَكِيمٌ)

ترجمہ: صدقات تو صرف فقیروں اور مسکینوں کے لیے اور [زکاۃ جمع کرنے والے]عاملوں کے لیے ہیں اور ان کے لیے جن کے دلوں میں الفت ڈالنی مقصود ہے اور گردنیں چھڑانے میں اور تاوان بھرنے والوں میں اور اللہ کے راستے میں اور مسافر پر (خرچ کرنے کے لیے ہیں)،یہ اللہ کی طرف سے ایک فریضہ ہے اور اللہ سب کچھ جاننے والا، کمال حکمت والا ہے۔ [التوبة:60]

اگر یہ کہا جائے کہ:

ان آٹھ مصارف میں سے کس کو زکاۃ دیتے ہوئے ترجیح دینی چاہیے؟

تو ہم کہیں گے: ترجیح اسی کو دی جائے گی جس کو تعاون کی زیادہ ضرورت ہوگی؛ کیونکہ ان تمام مصارف کو زکاۃ دی جا سکتی ہے، اور ان میں سے ترجیح صرف اسی کو ملے گی، جسے تعاون کی زیادہ ضرورت ہوگی، چنانچہ عام طور پر زیادہ ضرورت فقراء اور مساکین کو ہوتی ہے، یہی وجہ ہے کہ اللہ تعالی نے انہی کا ذکر آیت کے شروع میں فرمایا۔

اس لیے آپ اپنی نند کو زکوۃ دے سکتی ہیں، اس میں آپ کو صلہ رحمی کا بھی اجر ملے گا، اور زکوۃ دینے کا بھی اجر ملے گا۔ لیکن زکوۃ دینے کے ساتھ ساتھ ان کو صحیح عقیدے کی طرف بھی دعوت دیں۔ اللہ کے فضل و کرم سے امید ہے کہ آپ کی پر خلوص دعوت دینے پر اللہ پاک ان کو ہدایت نصیب فرما دیں گے۔

ان شاءاللہ

وآخر دعوانا أن الحمد لله رب العالمين

مفتیانِ کرام

فضیلۃ الشیخ  ابو محمد عبد الستار حماد حفظہ اللہ

فضیلۃ الشیخ  عبد الحلیم بلال حفظہ اللہ

فضیلۃ الشیخ جاوید اقبال سیالکوٹی حفظہ اللہ

فضیلۃ الدکتور عبد الرحمن یوسف مدنی حفظہ اللہ

فضیلۃ الشیخ  سعید مجتبی سعیدی حفظہ اللہ

فضیلۃ الشیخ ابو عدنان محمد منیر قمر حفظہ اللہ

فضیلۃ الشیخ حافظ عبد الرؤف  سندھو  حفظہ اللہ

فضیلۃ الشیخ ابو محمد إدریس اثری حفظہ اللہ