سوال (1924)

گورنمنٹ نوکری اگر صرف رشوت کے دینے سے لگ جائے تو کیا حکم ہوگا ، یعنی کل آٹھ سیٹیں ہیں اور تمام کی تمام میرٹ کی بجائے پیسوں پر مل رہی ہوں تو کیا حکم ہوگا؟

جواب

اللہ تعالیٰ سے دعا کریں کہ آپ کے لیے حلال رزق کے دروازے کھول دے ، سرکاری نوکری حصول رزق کا واحد ذریعہ نہیں ہے ، جس میں کسی اضطرار کے تحت حرام حلال ہو جائے ۔ اللہ آپ کو عزت دے ، رزق حلال کے حصول میں اگر عزیمت اختیار کر لی جائے تو ایسی ایسی کرامات ظاہر ہوتی ہیں کہ ناقابل بیان اور حیران کن ہوتی ہیں اور سرکاری نوکری حصول رزق کا واحد ذریعہ نہیں ہے اس لیے کسی بھی صورت میں رشوت جائز نہیں ہے ۔

فضیلۃ الشیخ فیض الابرار شاہ حفظہ اللہ

کوشش کریں کہ رشوت سے بچ جائیں ۔ لیکن اگر کوئی واقعی نوکری کا اہل ہو اور رشوت دیے بغیر نوکری نہ دی جاتی ہو تو اپنا حق لینے کے لیے جو پیسے دے گا اس کا گناہ لینے والے پہ ہو گا ، لیکن اگر نااہل بندہ پیسے دے کر نوکری حاصل کر لیتا ہے تو یہ جائز نہیں ہے۔

فضیلۃ العالم ڈاکٹر ثناء اللہ فاروقی حفظہ اللہ

اگر اس شخص نے ٹیسٹ وغیرہ میرٹ کی بنیاد پر کلیئر کر لیے ہیں ، صرف اس بنیاد پر اس کو سیٹ نہیں مل رہی ہے کہ اس نے کچھ دیا نہیں ہے ، تو اس صورت میں وہ پیسے دے کر سیٹ لے سکتا ہے ، کیونکہ وہ خود قابل اور اہل ہے ، اور اس نے دوسرے کا حق بھی نہیں دبایا ہے ، اس کو رشوت نہیں کہتے ہیں ، رشوت یہ ہے کہ آپ دوسرے کے حق کو دبا کر وہ چیز پیسے دے کر لے لیں اور اپنی نااہلیت کو چھپائیں ۔

فضیلۃ الشیخ عبد الوکیل ناصر حفظہ اللہ