سوال (2330)
گرافک ڈیزائن یا وڈیو ایڈیٹنگ کا کام کرنا یا سیکھنا کیسا ہے؟ اس میں جاندار کی تصویر ہوتی ہے تو کیا ایسی کمائی یا جاب کرنا جائز ہے؟ رہنمائی کر دیں۔
جواب
گرافک ڈیزائننگ، ویڈیو ایڈیٹنگ، ویب ڈویلپمنٹ وغیرہ بے شمار ایسی سکلز اور مہارتیں ہیں کہ جنہیں سیکھ کر اچھا کام بھی کیا جا سکتا ہے، اور انہیں کسی حرام کام میں بھی استعمال کیا جا سکتا ہے۔
کیا تحریر و تقریر اور خط و کتابت اور پینٹنگ ایک صلاحیت نہیں اور کیا لوگ اس کا غلط استعمال نہیں کرتے؟ تو کیا اس سے یہ سکلز بذات خود حرام کہلائیں گی؟
ہاں البتہ ان کے ذریعے حرام کام کرنا اور اس کے ذریعے کمائی کرنا جائز نہیں۔
لہذا اگر کوئی گرافک ڈیزائننگ، ویڈیو ایڈیٹنگ وغیرہ سکلز سیکھنا چاہتا ہے تو سیکھ لے، لیکن ان کے ذریعے کوئی بھی ایسا کام نہ کرے جو جائز نہ ہو، مثلا جانداروں کی تصویریں یا ویڈيوز بنانا وغیرہ۔
یاد رہے کہ تصویر اور ویڈيوز کی بعض صورتوں کی اہل علم گنجائش دیتے ہیں جیسا کہ پاسپورٹ، آئی ڈی کارڈ وغیرہ شناختی ضروریات کے لیے تصویر یا ویڈیو بنوانا، بعض میں اختلاف ہے جیسا کہ دعوتی مقاصد کے لیے عکس بندی کرنا اور بعض صورتیں ناجائز کہلاتی ہیں جیسا کہ شادی بیاہ وغیرہ اور دیگر تفریحی فلمیں ڈرامے وغیرہ بنانا۔
پھر بھی اگر کوئی از راہِ احتیاط ان چيزوں سے پرہیز کرنا چاہتا ہے، تو یہ درست ہے، البتہ اس سے ڈیزائننگ، ایڈیٹنگ جیسی مہارات کو مطلقا حرام یا مشکوک سمجھنا درست نہیں ہو گا۔ واللہ اعلم
فضیلۃ العالم خضر حیات حفظہ اللہ