سوال (4115)

کیا عورت حیض کی حالت میں موبائیل سے دیکھ کر قرآن پڑھا سکتی ہے، حالانکہ وہ ناپاکی کی حالت میں سکرین کو ٹچ کر رہی ہوتی ہے، اس کے بارے میں وضاحت فرما دیں۔

جواب

اسکرین کو ٹچ کرنا اور قرآن مجید کو براہ راست ٹچ کرنا اس میں فرق ہے، اس مسئلے میں اس قدر سختی بھی نہیں ہے، لیکن اولی یہی ہے کہ ٹچ سے پڑھائے، لیکن مصحف سے پڑھاتی ہے تو گلوز پہن لے۔

فضیلۃ الشیخ عبد الوکیل ناصر حفظہ اللہ

میں آپ کی بات پر اضافہ کروں گا کہ موبائل اور لیپ ٹاپ اسکرین ہیں ، قرآن نہیں ہیں۔ موبائل میں بہت ساری چیزیں ہوتی ہیں، صرف قرآن ہی نہیں، اس لیے موبائل سے پڑھنے میں کوئی حرج نہیں ہے۔

فضیلۃ الشیخ عبد الرزاق زاہد حفظہ اللہ

سوال: حیض کی حالت میں موبائل پر قرآن مجید پڑھ سکتے ہیں، قرآن وحدیث کی روشنی میں وضاحت کریں۔

جواب: حالت حیض میں لیپ ٹاپ اور موبائیل سے تلاوت کرنا جائز ہے، بعض اہل علم کا موقف ہے کہ عورت حالت حیض میں تسلسل کے ساتھ قرآن نہیں پڑھ سکتی ہے، لیکن اس پر جو دلائل دیے جاتے ہیں، وہ پختہ نہیں ہیں، ایک خاتون یا لڑکی حافظہ ہے، اس کا حیض دس دن رہتا ہو، اس کے لیے پابندی لگائی جائے کہ وہ زبانی بھی تلاوت نہیں کر سکتی ہے، اس کو قرآن مجید بھول جائے گا، میرے علم کے مطابق جدید آلات سے قرآن مجید کی تلاوت میں حرج نہیں ہے۔

فضیلۃ الشیخ عبد الرزاق زاہد حفظہ اللہ