سوال
سورہ آل عمران کی تفسیر میں ایک روایت میں لکھا ہے کہ حضرت یحیی علیہ السلام اور حضرت عیسٰی علیہ السلام دونوں خالہ زاد تھے، ایک جگہ لکھا ہے کہ حضرت زکریا علیہ السلام حضرت مریم کے خالو تھے،یہ کنفیوژن دور کر دیں۔
جواب
الحمد لله وحده، والصلاة والسلام على من لا نبي بعده!
اس حوالے سے مفسرین کے مختلف اقوال ہیں۔ بعض کا کہنا ہے کہ حضرت عیسی علیہ السلام اور حضرت یحییٰ علیہ السلام آپس میں خالہ زاد تھے۔ بعض مفسرین کہتے ہیں کہ حضرت مریم علیہا السلام کی جو خالہ تھی، وہ حضرت زکریا علیہ السلام کی بیوی تھی۔ اس بنا پر حضرت زکریا علیہ السلام حضرت مریم کے خالو تھے۔
جمہور مفسرین و علماء کے نزدیک حضرت مریم کی بہن حضرت زکریا علیہ السلام کی بیوی تھی اس بنا پر حضرت زکریا علیہ السلام حضرت مریم کے بہنوئی تھے، اور یحیی و عیسی علیہما السلام آپس میں خالہ زاد تھے۔
یہ مختلف قسم کے اقوال ہیں، جس مفسر کو جو بات راجح لگی، اس نے اس کو ذکر کر دیا ہے۔ ہمارے رجحان کےمطابق حضرت یحیی اورحضرت عیسی آپس میں خالہ زادتھے، جس کا ذکرحدیث معراج میں ہے، نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے شب معراج کے متعلق بیان فرمایا:
“ثُمَّ صَعِدَ حَتَّى أَتَى السَّمَاءَ الثَّانِيَةَ فَاسْتَفْتَحَ، قِيلَ: مَنْ هَذَا، قَالَ جِبْرِيلُ: قِيلَ وَمَنْ مَعَكَ، قَالَ: مُحَمَّدٌ قِيلَ وَقَدْ أُرْسِلَ إِلَيْهِ، قَالَ: نَعَمْ فَلَمَّا خَلَصْتُ فَإِذَا يَحْيَى وَعِيسَى وَهُمَا ابْنَا خَالَةٍ، قَالَ: هَذَا يَحْيَى وَعِيسَى فَسَلِّمْ عَلَيْهِمَا فَسَلَّمْتُ فَرَدَّا ثُمَّ، قَالَا: مَرْحَبًا بِالْأَخِ الصَّالِحِ وَالنَّبِيِّ الصَّالِحِ”. [صحیح البخاری: 3430]
’’پھر آپ اوپر چڑھے اور دوسرے آسمان پر تشریف لے گئے۔ پھر دروازہ کھولنے کے لیے کہا۔ پوچھا گیا: کون ہیں؟ کہا کہ جبریل علیہ السلام۔ پوچھا گیا: آپ کے ساتھ کون ہیں؟ کہا کہ محمد ( ﷺ )۔ پوچھا گیا: کیا انہیں لانے کے لیے بھیجا گیا تھا؟ کہا کہ جی ہاں۔ پھر جب میں وہاں پہنچا تو عیسیٰ اور یحیی علیہما السلام وہاں موجود تھے۔ یہ دونوں نبی آپس میں خالہ زاد بھائی ہیں۔ جبریل علیہ السلام نے بتایا کہ یہ یحیی اور عیسیٰ علیہما السلام ہیں۔ انہیں سلام کیجئے۔ میں نے سلام کیا، دونوں نے جواب دیا اور کہا خوش آمدید نیک بھائی اور نیک نبی‘‘۔
وآخر دعوانا أن الحمد لله رب العالمين
مفتیانِ کرام
فضیلۃ الشیخ ابو محمد عبد الستار حماد حفظہ اللہ
فضیلۃ الشیخ عبد الحلیم بلال حفظہ اللہ
فضیلۃ الشیخ جاوید اقبال سیالکوٹی حفظہ اللہ
فضیلۃ الدکتور عبد الرحمن یوسف مدنی حفظہ اللہ
فضیلۃ الشیخ سعید مجتبیٰ سعیدی حفظہ اللہ
فضیلۃ الشیخ ابو عدنان محمد منیر قمر حفظہ اللہ
فضیلۃ الشیخ مفتی عبد الولی حقانی حفظہ اللہ
فضیلۃ الشیخ محمد إدریس اثری حفظہ اللہ
فضیلۃ الشیخ عبد الحنان سامرودی حفظہ اللہ