سوال 6770
احرام کی پابندی میقات کے بعد ہے؟ یا احرام پہننے کے بعد؟
جواب
سب سے پہلے تو یہ سمجھ لیں کہ احرام کسے کہتے ہیں۔ احرام ایک حالت کا نام ہے۔ لباس احرام کی علامت ہے۔ احرام کی پابندیاں اسی وقت شروع ہو جائیں گی، جب آپ احرام کی نیت کریں گے۔ اگر میقات سے پہلے کر لی ہے، تو اسی وقت شروع ہو جائیں گی اور اگر میقات پر جا کر کی ہے تو اسی وقت، اس وقت شروع ہوں گی لیکن افضل، اولیٰ اور بہتر یہ ہے کہ آپ نیت اسی وقت کریں جب آپ میقات پر پہنچیں۔ واللہ اعلم!
فضیلۃ الشیخ عبد الرزاق زاہد حفظہ اللہ
احرام لوگ گھر سے بھی پہن لیتے ہیں اور ایئرپورٹ سے بھی پہن لیتے ہیں۔ عام طور پر احرام کپڑوں کو کہا جاتا ہے، حالانکہ دراصل احرام ایک کیفیت اور حالت کا نام ہے۔ اس سے مراد وہ نیت ہے جو میقاتِ مقررہ پر کی جاتی ہے یا الفاظ کے ذریعے ادا کی جاتی ہے اور پھر تلبیہ پکارنا شروع کیا جاتا ہے۔
اصل بات یہ ہے کہ جو پابندیاں ہیں وہ حالتِ احرام میں داخل ہونے کے بعد شروع ہوتی ہیں۔ عموماً یہ سمجھ لیا جاتا ہے کہ جہاں سے احرام کے کپڑے پہن لیے، وہیں سے پابندیاں شروع ہو گئیں۔
لیکن جو ہم نے اب تک پڑھا اور سمجھا ہے وہ یہ ہے کہ پابندیاں میقات پر پہنچ کر نیت کرنے کے بعد شروع ہوتی ہیں۔
یعنی میقات پر پہنچ کر جب آپ نیت کر لیں گے تو اسی وقت سے آپ پر احرام کی پابندیاں لازم ہوں گی۔
فضیلۃ الشیخ عبد الوکیل ناصر حفظہ اللہ




