سوال (5908)
کافی ساری احادیث ایسی ہیں جن کو علامہ البانی رحمہ اللہ نے صحیح کہا ہے جامع ترمذی کی اور دیگر کتب لیکن ان میں کسی نہ کسی وجہ سے ضعف پایا جاتا ہے۔ انکو بیان کرنا کیسا ہے؟
جواب
اگر کسی کے اندر یہ صلاحیت ہے کہ وہ اپنی تحقیق خود سے کر سکتا ہے، یا اسے کسی اور عالم دین پر اعتماد ہے اور ان کی تحقیق شیخ البانی سے مختلف ہے تو وہ اپنی تحقیق یا اہل تحقیق سے سوال کی بنا پر شیخ البانی یا کسی بھی محدث و محقق کی تحقیق سے اختلاف کر سکتا ہے۔
دریں صورت اگر کسی کے نزدیک کوئی روایت پایہ ثبوت کو نہیں پہنچتی تو وہ ان روایات کو معرض استدلال و احتجاج میں ذکر نہ کرے، اور اگر بیان کرنا ہے تو اس کے ضعف کی طرف اشارہ کرے اور بیان کردے کہ یہ روایت تو ضعیف ہے، لیکن فلاں مصلحت کے پیش نظر اسے بیان کیا جا رہا ہے۔
فضیلۃ العالم حافظ خضر حیات حفظہ اللہ