سوال (937)

اقامت کا جماعت کے ساتھ کیا تعلق ہے کیا اقامت نماز کے لیے ضروری ہے ؟ کیا اقامت امام کے آگے کھڑے ہو کر کہہ سکتے ہیں ۔

جواب

اقامت ضروری ہے تاہم وہ صحتِ نماز کی شرط نہیں ہے ۔ نماز اس کے بغیر بھی صحیح ہے ۔

فضیلۃ العالم حافظ قمر حسن حفظہ اللہ

اقامت کے لیے کوئی جگہ مختص نہیں ہے ، کبھی اسپیکر کی تار چھوٹی ہوتی ہے ، امام بھی اقامت کہہ سکتا ہے تو بات ہی ختم ہوگئی ہے ، تو آگے پیچھے کھڑے ہوکر اقامت کہہ سکتے ہیں ۔

فضیلۃ الشیخ عبد الوکیل ناصر حفظہ اللہ

اقامت کا نماز کی صحت سے کوئی تعلق نہیں ، البتہ اس بحث میں پڑنے سے بچیے ، اللہ کے نبی نے مسافروں کو جماعت کا حکم دیا اور کہا کہ ایک اذان کہے پھر اقامت کہو اور جماعت کرواؤ ۔ نبی علیہ السلام،صحابہ اور مسلمانوں کا آج تلک یہی طریقہ ہے ۔ اگر کوئی قوم یا جماعت اقامت کہنا مطلق چھوڈ دے تو اس سے قتال کیا جائے گا یہاں تلک کہ وہ دین کی طرف لوٹ آئیں ، اقامت کہیں بھی کھڑے ہو کر کہی جا سکتی ہے۔ بلکہ سیدنا بلال نبی علیہ السلام کی آمد سے پہلے اقامت کہتے صفیں درست ہوتیں پھر نبی علیہ السلام حجرہ سے تشریف لاتے۔۔ اس کے لئے امام کا نماز پڑھانے کی جگہ پر آنا بھی ضروری نہیں۔ دوسری صف سے بھی کہی جا سکتی ہے واللہ اعلم۔

فضیلۃ الباحث اسامہ شوکت حفظہ اللہ