سوال (5257)
عیسی علیہ السلام قرب قیامت آئیں گے، تو کیا وہ شادی بھی کریں گے، اس متعلق رہنمائی فرمائیں؟
جواب
سیدنا عیسیٰ علیہ السلام کی شادی پر کوئی واضح اور دو ٹوک بات نہیں ہے، البتہ علامہ بربہاری اور حافظ ابن کثیر رحمھما اللہ وغیرہ نے تزویج کا لفظ ذکر کیا ہے، کہ وہ شادی کریں گے، میرے مطالعے کے مطابق اہل علم نے ترجیح نہیں دی ہے، بس یہ کہا ہے کہ اللہ تعالیٰ جانتا ہے، اس کا زمین پر رہنے کے حوالے سے شدید قسم کا اختلاف ہے، بعض روایات میں چالیس سال اور بعض میں سات سال کا تذکرہ ہے، تطبیق دی گئی ہے، اس کو بھی سامنے رکھنا چاہے، اہل علم نے کوئی بات ذکر نہیں کی صرف یہ کہا ہے کہ بعض اہل علم نے تزویج والی روایات کو قبول کیا ہے۔
فضیلۃ الشیخ عبد الوکیل ناصر حفظہ اللہ
سائل: قادیانیوں نے دورانِ مباحثہ مولانا عبداللہ گورداسپوری رحمہ اللہ سے پوچھا:
آپ قربِ قیامت سیدنا عیسی علیہ السلام کے نزول کا نظریہ رکھتے ہیں؟ انہوں نے اقرار کیا تو انہوں نے کہا: پھر تو عیسی علیہ السلام نکاح بھی کریں گے؟
مولانا نے فرمایا:جی ہاں وہ نکاح بھی کریں گے۔ قادیانیوں نے کہا: آپ نے رشتہ تلاش کر لیا ہے؟
مولانا گورداسپوری رحمہ اللہ نے کہا: رشتے کے حوالے سے ہم بے فکر ہیں٬ کیونکہ جیسا کہ معاشرہ میں چلتا ہے اسی رواج کے مطابق نکاح کریں گے۔انہوں نے کہا:رواج کیا ہے؟ مولانا نے کہا: آرائیوں کا نکاح آرائیوں کے گھر ہوتا ہے٬ پٹھانوں کا پٹھانوں کے گھر٬ اسی طرح نبی تو کسی نبی کے گھر آئے گا اور وہ آپ کا گھر ہے۔
میں آج اسی سبب سے آیا ہوں٬ مجھے لڑکی دکھا دیں، میں کچھ رقم اس کی ہتھیلی پر بطورِ نشانی رکھ جاؤں گا کہ بات پکی رہے، کہیں ایسا نہ ہو کہ عیسی علیہ السلام کی تشریف آوری ہو اور آپ رشتہ سے انکاری ہو جائیں۔
شیخ محترم اس تحریر سے یہ سوال کیا گیا ہے کہ کیا واقعتا وہ شادی کریں گے، اس متعلق واضح معلومات ملتی ہیں، بہرحال آپ نے جواب عنایت فرما دیا ہے؟
جواب: شیخ عبد اللہ گرداسپوری رحمہ اللہ کو جانتا ہوں، فاتح قادیان تھے، ان سے ملاقات کی خواہش تھی، لیکن ہو نہیں سکی، باقی ان کے بیٹے جو کام کیا ہے، اللہ تعالیٰ اس کے لیے اس کو صدقہ جاریہ بنائے، ختم نبوت اور تاریخ اہل حدیث پر بڑا کام ہے۔
باقی یہ الزامی جواب ہے، بس بعض نے ان روایات کو قبول کیا ہے، بعض نے نہیں کیا، اہل علم کی مجھے کوئی خاص بحث نہیں ملی۔
فضیلۃ الشیخ عبد الوکیل ناصر حفظہ اللہ