سوال (2801)
قاری صہیب میر محمدی صاحب نے ایک حدیث بیان کی تھی کہ عشاء کے بعد 4 اکٹھی رکعات پڑھنے سے لیلۃالقدر جتنا ثواب ملتا ہے۔
اس حدیث کا حوالہ نمبر مل سکتا ہے؟
جواب
جی اس سلسلے میں درج ذیل روایات مروی ہیں:
سیدنا عبد اللہ بن عباس رضی اللہ عنہ فرماتے ہیں:
صَلَّى رَسُولُ اللَّهِ صَلَّى اللهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ العِشَاءَ، ثُمَّ جَاءَ، فَصَلَّى أَرْبَعَ رَكَعَاتٍ، ثُمَّ نَامَ
رسول الله صلى الله علیہ وسلم نے عشاء کی نماز پڑھی پھر گھر آئے تو چار رکعتیں ادا کیں , پھر سو گئے۔
(صحیح البخاری : 697)
سیدنا عبد اللہ بن عمرو بن العاص رضی اللہ عنہ فرماتے ہیں :
«مَنْ صَلَّى أَرْبَعًا بَعْدَ الْعِشَاءِ كُنَّ كَقَدْرِهِنَّ مِنْ لَيْلَةِ الْقَدْرِ»
جس نے عشاء کے بعد چار رکعتیں ادا کیں , تو وہ لیلۃ القدر میں انہی جیسی رکعتوں کے برابر ہو جائیں گی۔
(مصنف ابن ابی شیبۃ : 7273)
ام المؤمنین سیدہ عائشہ صدیقہ رضی اللہ عنہا فرماتی ہیں:
«أَرْبَعٌ بَعْدَ الْعِشَاءِ يَعْدِلْنَ بِمِثْلِهِنَّ مِنْ لَيْلَةِ الْقَدْرِ»
عشاء کے بعد چار رکعتیں لیلۃ القدر میں انہی جیسی رکعتوں کے برابر ہیں۔
(مصنف ابن ابی شیبۃ : 7274)
سیدنا عبد اللہ بن مسعود رضی اللہ عنہ فرماتے ہیں:
«مَنْ صَلَّى أَرْبَعًا بَعْدَ الْعِشَاءِ لَا يَفْصِلُ بَيْنَهُنَّ بِتَسْلِيمٍ، عَدَلْنَ بِمِثْلِهِنَّ مِنْ لَيْلَةِ الْقَدْرِ»
جس نے عشاء کے بعد ایک سلام سے چار رکعتیں ادا کیں , تو وہ لیلۃ القدر میں انہی جیسی رکعتوں کے برابر ہو جائیں گی۔
(مصنف ابن ابی شیبۃ : 7275)
موقوف روایات بھی حکما مرفوع ہیں! اور اس میں لیلۃ القدر کے بقدر ثواب کی توجیہ یہ سمجھ آتی ہے کہ جو شخص عشاء کے بعد نفلی نماز یعنی تہجد کو معمول بنالے گا، اور سارا سال پڑھتا رہے گا، یقینا اسے سال کی وہ رات جو رمضان میں لیلۃ القدر کہلاتی ہے، وہ بھی مل جائے گی۔ واللہ اعلم۔
فضیلۃ العالم حافظ خضر حیات حفظہ اللہ