سوال

اشراق، چاشت اور اوابین کی نماز کب ادا کی جا سکتی ہے؟ ان کے اوقات کی وضاحت فرما دیں، اور کیا یہ ایک ہی نماز کے مختلف نام ہیں؟

جواب

الحمد لله وحده، والصلاة والسلام على من لا نبي بعده!

صبح سورج طلوع ہونے سے لے کر زوال (یعنی سورج کے وسط آسمان پر آنے) تک جو نفل نماز پڑھی جاتی ہے، اسے اشراق، چاشت یا اوابین کہا جاتا ہے۔

یہ تینوں دراصل ایک ہی نماز کے مختلف نام ہیں، جو اس کے ادائیگی کے مختلف اوقات کی وجہ سے رائج ہوئے ہیں۔

اگر یہ نماز سورج طلوع ہونے کے فوراً بعد پڑھی جائے تو اسے اشراق کہتے ہیں۔

اگر کچھ دیر بعد، جب دن خوب روشن ہو جائے، تب پڑھی جائے تو یہی نماز چاشت کہلاتی ہے۔

اور اگر دھوپ تیز ہو چکی ہو، یعنی دن کا کچھ حصہ گزر چکا ہو، تب پڑھی جائے تو بعض اہلِ علم اسی نماز کو اوابین بھی کہتے ہیں۔

گویا نماز ایک ہی ہے، فرق صرف وقت کے اعتبار سے ہے، جس کی وجہ سے نام مختلف رائج ہو گئے۔

البتہ ایک مشہور روایت میں آتا ہے:

“جو شخص مغرب کے بعد چھ رکعتیں پڑھے، اس کو صلاۃ الاوابین کہا جاتا ہے” لیکن یہ روایت سند کے اعتبار سے صحیح نہیں ہے۔

رکعات کی تعداد:

یہ نفل نماز دو رکعت سے لے کر آٹھ رکعت تک پڑھی جا سکتی ہے۔

جیسا کہ نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم  نے فتح مکہ کے موقع پر سیدہ اُمِ ہانی رضی اللہ عنہا کے گھر چاشت کے وقت آٹھ رکعتیں ادا فرمائیں، صحیح بخاری میں ہے:

“فَصَلَّى ثَمَانِيَ رَكَعَاتٍ…وَذَاكَ ضُحًى”. [صحیح البخاری: 357]

آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے آٹھ رکعت نماز پڑھی اور یہ نماز چاشت تھی‘‘۔

رسول اللہ ﷺ نے فرمایا:

احادیث میں چاشت کی نماز کی بہت زیادہ فضیلت بھی بیان ہوئی ہے۔

نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا:

“يُصْبِحُ عَلَى كُلِّ سُلَامَى مِنْ أَحَدِكُمْ صَدَقَةٌ……وَيُجْزِئُ مِنْ ذَلِكَ رَكْعَتَانِ يَرْكَعُهُمَا مِنْ الضُّحَى”. [صحیح مسلم: 1671]

’’صبح کو تم میں سے ہر ایک شخص کے ہر جوڑ پر ایک صدقہ ہوتا ہے، اور ان تمام جوڑوں کے صدقے کی جگہ دو رکعتیں جو انسان چاشت کے وقت پڑھتا ہے کفایت کرتی ہیں‘‘۔

لہٰذا اگر کوئی اس نماز کا اہتمام کر سکتا ہے تو ضرور کرے، کیونکہ یہ عمل نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم سے بھی ثابت ہے اور اس میں دنیا و آخرت کی بھلائی اور اجر ہے۔

وآخر دعوانا أن الحمد لله رب العالمين

مفتیانِ کرام

فضیلۃ الشیخ  ابو محمد عبد الستار حماد حفظہ اللہ

فضیلۃ الشیخ  محمد إدریس اثری حفظہ اللہ

فضیلۃ الشیخ جاوید اقبال سیالکوٹی حفظہ اللہ

فضیلۃ الدکتور عبد الرحمن یوسف مدنی حفظہ اللہ

فضیلۃ الشیخ عبد الحنان سامرودی حفظہ اللہ

فضیلۃ الشیخ ابو عدنان محمد منیر قمر حفظہ اللہ