إنا لله وإنا إليه راجعون
امریکہ میں مقیم معروف دینی اسکالر، ممتاز عالم دین، حافظ محمد سعید فاضل مدینہ یونیورسٹی وفاضل جامعہ سلفیہ فیصل آباد امروز سہ پہر یہاں لاھور میں بقضائے الہی حرکت قلب بند ھونے سے وفات پا گئے ھیں۔
جناب حافظ محمد سعید کوئی عشرہ قبل نجی تقریبات میں شرکت کے لئے پاکستان آئے ہوئے تھے اور آج لاھور میں اچانک وفات پا گئے ہیں ۔
مرحوم حافظ سعید صاحب ، ختم نبوت ریڈرز کلب انٹرنیشنل کے لئے امریکہ میں کوآرڈینیٹر تھے اور کلب کی اعلی سطحی مجلس مشاورت کے اھم رکن تھے ۔ اسی نسبت سے راقم الحروف، حافظ سعید مرحوم سے رابطہ میں رھتا تھا۔
مرحوم کی نماز جنازہ کل بروز جمعہ المبارک ، بعد نماز جمعہ ، 2:00 بجے ، مرحوم کے آبائی قصبہ گگو منڈی تحصیل بورے والا میں ادا کی جائے گی-
(خبر نگار:عبدالصمد معاذ)
آہ!مولاناحافظ محمد سعید اطہر وفات پا گئے!
انا للہ وانا الیہ راجعون
دائم وآباد رہے گی دنیا
ہم نہ ہوں گے کوئی ہم سا ہو گا
داعین کتاب وسنت کے لئے یہ خبر دل فگار ثابت ہو گی کہ:
امریکہ میں مقیم ممتاز عالم دین ودینی اسکالر،مولانا حافظ محمد سعید اطہر( فاضل مدینہ یونیورسٹی و فاضل جامعہ سلفیہ فیصل آباد) 10 نومبر2022ء بروز جمعرات سہ پہربحریہ ٹاون لاہور میں بقضائے الہی حرکت قلب بند ھونے سے وفات پا گئے۔
حضرت حافظ صاحب کا اصلاً تعلق گگو منڈی،تحصیل بورے والا (ضلع وہاڑی) سے تھا۔ اور وہ کسی دور میں اعلی دینی تعلیم سے فراغت کے بعد امریکہ تشریف لے گئے اور وہاں کاروبار کے ساتھ ساتھ خدمتِ دین میں مصروف رہے۔
حضرت حافظ صاحب مرحوم کی شخصیت مختلف کمالات کا مجموعہ تھی، عقیدہ ختم نبوت کا تحفظ، دعوت الی اللہ، دوام سنت کی دعوت، خدمت خلق آپ کی شخصیت کے بنیادی عناصر تھے۔ آپ نے امریکہ جیسے غیر مسلم ملک میں علم وعمل کے کئی چراغ روشن کئے۔ انہوں نے عالم اسلام کے متعدد مسائل میں انتہائی جرات کے ساتھ اظہارِ خیال کیا۔
حضرت حافظ صاحب مرحوم کی پوری زندگی دیارِ غیر میں اسلام کی دعوت دیتے اور اس کی سربلندی کے لئے جدوجہد کرتے گزری۔ ان کی خدمات ہمہ جہت نوعیت کی ہیں، جس کا دائرہ عمل مختلف میادین میں پھیلا ہوا ہے، یہی وجہ ہے کہ وہ کئی ایک دینی مناصب پر فائز رہے۔
حضرت حافظ صاحب مرحوم خاک سار پر بھی نوازش فرماتے تھے،اور کبھی کبھار اپنے قیمتی وقت سے چند لمحات واٹس ایپ پر عطا کر دیتے،جو اب حددرجہ انمول محسوس ہوتے ہیں۔ اللہ تعالی نے توفیق دی تو حافظ صاحب مرحوم کی دینی خدمات پر ایک خصوصی مضمون حوالہ قرطاس کیا جائے گا۔
حافظ صاحب مرحوم گگو منڈی کے معروف عالم دین مولانا عطاءاللہ طارق مرحوم کے قریبی دوست تھے،اسی طرح ان کا مولاناحافظ عبدالاعلی درانی (برطانیہ)، پروفیسر ڈاکٹر بہاء الدین (لندن) اور پروفیسر عبدالصمد معاذ (فیصل آباد) حفظھم اللہ کے ساتھ حلقہ احباب قائم تھا۔
تحریر وتحقیق:حمیداللہ خان عزیز
ایڈیٹر:ماہنامہ مجلہ”تفہیم الاسلام”