سوال (4291)
اسرائیل لفظ سے کیا مراد ہے اور بعض لوگ اسرائیل مردہ باد کے نعرے لگاتے ہیں یہ صحیح ہے؟ اس بارا میں وضاحت فرما دیں۔
جواب
اسرائیل حضرت یعقوب علیہ الصلاۃ والسلام کا نام ہے، یہود جن کو بنی اسرائیل کہا گیا ہے، اسی مناسبت سے کہا جاتا ہے، کیونکہ وہ انہیں کی نسل سے ہیں، اس وقت جو ملک اسرائیل ہے، یہودیوں نے یہ نام بھی اسی مناسبت سے رکھا ہے، لہذا لفظ اسرائیل بولتے ہوئے یہ بات ذہن میں رہنی چاہیے کہ حقیقت میں ایک نبی کا نام ہے، لیکن چونکہ اب یہ ایک غاصب و ظالم ملک کا بھی نام ہے، اس وجہ سے اگر کوئی اس غاصب ریاست کی مذمت کے لیے کوئی الفاظ استعمال کرتا ہے تو اسے یہ نہیں کہا جا سکتا ہے کہ آپ نبی کی توہین و تحقیر کے مرتکب ہو رہے ہیں، کیونکہ ناموں کے حوالے سے ہمیشہ یہ رہا ہے کہ ایک ہی نام بعض دفعہ اچھے لوگوں کا بھی ہوتا ہے اور برے لوگوں کا بھی! لہذا جب اسرائیل مردہ باد کا نعرہ لگائے جائے تو اس سے مراد موجودہ یہود کی ظالم و غاصب ریاست اسرائیل ہے، جسے مردہ باد کہنا بالکل جائز ہے۔ واللہ اعلم
فضیلۃ العالم خضر حیات حفظہ اللہ