سوال (4027)
اعتکاف میں بیٹھنے کا صحیح وقت کونسا ہے؟ اس کے بارے میں وضاحت فرما دیں۔
جواب
ہمارے ہاں ہر سال یہ مسئلہ معرکہ الآرا بعض مشائخ کی وجہ ہوجاتا ہے، اس لیے کہ نبی ﷺ جو شب گزار کر خیمے میں داخل ہوئے تھے، وہ شب بیسویں تھی، یا اکیسویں تھی، جمہور اہل علم کا فیصلہ یہ ہے کہ اکیسویں شب مسجد میں عبادت کرکے گزاری تھی، فجر پڑھ کر معتکف کے اندر داخل ہوئے تھے، یہی صحیح طریقہ ہے، عشرہ اس سے بنتا ہے، کیونکہ آپ نے آخری عشرے کا اعتکاف کرنا ہے، شیخ عبد المنان نورپوری رحمہ اللہ نے احکام و مسائل میں یہ بات لکھی ہے کہ بیس کی شام مسجد آ جائے، اکیسویں شب مسجد میں عبادت کرکے گذارے، پھر فجر پڑھ کے خیمے میں چلا جائے، اصل چیز مسجد ہے، مسجد میں آگیا ہے، رات مسجد میں گزاری ہے تو صحیح ہے، خیمہ ایک اضافی چیز ہے، خیمہ انفرادی عبادت کے لیے بنایا گیا ہے۔ بیس کا روزہ گھر یا مسجد مین کھولیں۔ پھر مسجد میں اکیسویں شب گزاریں، فجر پڑھ کے معتکف یا خیمے میں چلے جائیں، یہ طریقہ کار ہے۔
فضیلۃ الشیخ عبد الوکیل ناصر حفظہ اللہ
بیٹھنے کو وہ انیسویں کی صبح کو بھی بیٹھ سکتے ہیں، اعتکاف میں بیٹھنے کا کوئی وقت مقرر نہیں، سال کے کسی دن کسی بھی وقت اعتکاف شروع کر سکتے ہیں، البتہ اگر آخری عشرے کا اعتکاف کرنا ہے تو شرعا، عقلا، عرفا، اجماعا، ثابت ہے کہ آخری عشرے کا آغاز بیس تاریخ کے سورج کے غروب ہونے پر ہوتا ہے۔
فضیلۃ الباحث حافظ محمد طاہر حفظہ اللہ